Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / پشاور کی بس میں دھماکہ ،بشمول خواتین 16 ہلاک ،سرکاری ملازمین نشانہ

پشاور کی بس میں دھماکہ ،بشمول خواتین 16 ہلاک ،سرکاری ملازمین نشانہ

پشاور ۔ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے شورش زدہ شمال مغربی شہر میں سرکاری ملازمین کو لے جانے والی ایک بس طاقتور بم دھماکہ میں تباہ ہوگئی جس کے نتیجہ میں اس میں سوار بشمول تین خواتین 16 افراد ہلاک اور دیگر 30 زخمی ہوگئے۔ سرکاری ملازمین سے کھچاکھچ بھری بس مردان سے پشاور پہنچ رہی تھی کہ اس میں رکھے ہوئے بم کا دھماکہ سنہری مسجد روڈ کے قریب دھماکہ ہوگیا جب سیول سکریٹریٹ کے ملازمین اس میں سوار ہورہے تھے۔ پشاور کے اس ایس پی آپریشنز عباس مجید مروات نے کہا کہ بشمول تین خواتین 16 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سرکاری ملازمین کو لانے والی اس خانگی بس کو بم دھماکہ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکہ کے وقت بس میں تقریباً 50 افراد سوار تھے جن کے منجملہ 16 ہلاک اور دیگر 30 زخمی ہوئے ہیں جن کا لیڈی ریڈنگ ہاسپٹل میں علاج کیا جارہا ہے اور کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ کنٹونمنٹ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کاشف ذوالفقار نے کہا کہ دھماکہ کیلئے انتہائی عصری قسم کا 8 کیلو دھماکو مواد استعمال کیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد مقامی عوام میں زبردست سنسنی پھیل گئی اور سیکوریٹی فورسیس نے سارے علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے تلاشی مہم شروع کردی۔ تاہم کسی بھی گروپ نے اس دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس بدبختانہ واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کی تلفی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے، دہشت گردی کے خلاف ہمارے مضبوط عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔

TOPPOPULARRECENT