Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / پلیٹ گنس کا اندھا دھند استعمال نہ کیا جائے : سپریم کورٹ

پلیٹ گنس کا اندھا دھند استعمال نہ کیا جائے : سپریم کورٹ

مرکز اور حکومت جموں وکشمیر کو نوٹس ، اٹارنی جنرل سے ماہرین کمیٹی کی رپورٹ طلب
نئی دہلی ۔ 14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں سڑک پر احتجاج کرنے والوں پر قابو پانے کیلئے پلیٹ گنس کا ’’اندھا دھند‘‘ استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ حکام کافی سوچ و فکر کے بعد ہی یہ قدم اٹھانے کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں۔ چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی زیرقیادت بنچ نے مرکز اور حکومت جموں و کشمیر کو نوٹس جاری کی اور ریاست میں پلیٹ گنس کے بے تحاشہ استعمال سے متعلقہ درخواست پر جواب دینے کی ہدایت دی۔ عدالت نے اس مسئلہ پر اٹارنی جنرل مکل روہتگی سے بھی مدد کی خواہش کی اور کہا کہ وہ پلیٹ گنس کے دیگر متبادل استعمال کا جائزہ لینے کیلئے قائم کردہ ماہرین کی کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کی ایک نقل حوالے کرے۔ بنچ میں جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ بھی شامل ہیں۔ بنچ نے اس معاملہ کی آئندہ سماعت 30 جنوری کو مقرر کی ہے۔ بنچ نے کہا کہ ہم یہ تیقن چاہتے ہیں کہ ریاست میں پلیٹ گنس کا بے تحاشہ یا ضرورت سے زیادہ استعمال نہیں ہوگا اور کافی غوروفکر کے بعد ہی ایسا کیا جائے گا۔ عدالت جموں  وکشمیر ہائیکورٹ بار اسوسی ایشن کی دائر کردہ اپیل کی سماعت کررہی تھی جو ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ہے۔ درخواست میں پلیٹ گنس کے استعمال پر التوا کی خواہش کی گئی کیونکہ جموں و کشمیر میں اس کی وجہ سے بے شمار افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔ جموں کشمیر ہائیکورٹ نے 22 ستمبر کو پلیٹ گنس کے استعمال پر امتناع کی خواہش کرتے ہوئے دائر کردہ درخواست مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ مرکز نے اس ضمن میں ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT