Saturday , October 21 2017
Home / Top Stories / پناما پیپرس کا اثر ‘ امیتابھ بچن سے محکمہ انکم ٹیکس کے تازہ سوالات

پناما پیپرس کا اثر ‘ امیتابھ بچن سے محکمہ انکم ٹیکس کے تازہ سوالات

نئی دہلی 25 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) محکمہ انکم ٹیکس نے میگا اسٹار امیتابھ بچن کو تازہ سوالات روانہ کرتے ہوئے جواب طلب کئے ہیں۔ پناما پیپرس میں تذکرہ کردہ بیرونی ممالک میں قائم کمپنیوں سے اپنے کسی تعلق سے امیتابھ بچن نے حال ہی میں انکار کیا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے امیتابھ بچن کو تازہ سوالات روانہ کرتے ہوئے ان کی معاشی معاملتوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ حالیہ پناما انکشافات اور سابقہ اطلاعات کی بنیاد پر ایسا کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ حال ہی میں اداکار نے محکمہ انکم ٹیکس کو اپنے حالیہ جواب کے ذریعہ تردید کی تھی کہ بیرونی ممالک میں قائم کمپنیوں سے ان کا کوئی تعلق ہے ۔ پناما پیپرس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ بیرونی کمپنیوں سے امیتابھ بچن بھی وابستہ ہیں۔ ذرائع کے بموجب امیتابھ بچن سے کہا گیا ہے کہ وہ نئے سوالات پر اندرون ایک ہفتہ جواب داخل کریں ۔ امیتابھ بچن نے قبل ازیں ایک عام بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے نام کا بیجا استعمال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ انڈین ایکسپریس ‘ سی بلک شپنگ کمپنی لمیٹیڈ ‘ لیڈی شپنگ لمیٹیڈ ‘ ٹریژر شپنگ لمیٹیڈ اور ٹرامپ شپنگ لمیٹیڈ نامی جن کمپنیوں کا تذکرہ کیا گیا ہے ان سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ مذکورہ بالا کمپنیوں میں کسی بھی کمپنی سے ان کا کوئی تعلق نہیں تھا اور ہوسکتا ہے کہ کسی نے ان کے نام کا بیجا استعمال کیا ہے ۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ وہ بیرونی ممالک میں بھی جو رقومات خرچ کرتے ہیں ان کا ٹیکس ادا کرتے ہیں اور قانون کی مطابقت میں ہی تمام کام انجام دیتے ہیں۔ غیر قانونی کاموں سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ پناما پیپرس میں ہندوستان کے کئی افراد کے نام سامنے آئے تھے جن میں میگا اسٹار امیتابھ بچن کے علاوہ ان کی بہو ایشوریہ رائے بچن کا نام بھی شامل تھا تاہم انہوں نے کسی غلط کاری سے انکار کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT