Monday , October 23 2017
Home / ہندوستان / پناما پیپر افشا پر ایشوریہ رائے کی خاموشی میڈیا کے سوالات کا جواب دینے سے گریز

پناما پیپر افشا پر ایشوریہ رائے کی خاموشی میڈیا کے سوالات کا جواب دینے سے گریز

ممبئی ۔ 14 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : فلمی اداکارہ ایشوریہ رائے بچن نے پناما پیپر لیکس میں اپنا نام منظر عام پر آنے پر کوئی وضاحت کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کرلی ۔ جب کہ غیر ملکی کمپنیوں کے توسط سے ان کے نام پر خفیہ اکاونٹس کھولنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں نے جب پناما پیپر لیکس کے بارے میں سوال کیا تو ایشوریہ رائے کے ساتھی اداکار رندیپ ہوڈا نے انہیں بچانے کی کوشش کی اور کہا کہ سربجیت کے بارے میں پوچھیں ، بظاہر وہ اپنی آنے والی فلم سربجیت سے متعلق ہی سوالات کرنے کا اصرار کررہے تھے ۔ تاہم اداکارہ نے جو کل فلم سربجیت کے ٹریلر کی اجرائی کی تقریب میں شریک تھیں کہا ہے کہ اس معاملہ میں پہلے ہی ایک بیان جاری کردیا گیا ہے اور جس میں میڈیا کو تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں ۔ دریں اثناء ایشوریہ رائے کے منیجر نے مداخلت کرتے ہوئے بتایا کہ انڈین ایکسپریس میں یہ بیان شائع کیا گیا ۔ میڈیا وہاں سے حاصل کرسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ پناما پیپرس کی خفیہ فہرست میں 500 ممتاز ہندوستانیوں بشمول میگا اسٹار امیتابھ بچن اور ایشوریہ رائے بچن کے علاوہ سیاستدانوں اور بزنس مینس کے نام شامل ہیں ۔ جس پر امیتابھ بچن نے یہ وضاحت کی تھی کہ ان کے نام کا بیجا استعمال کیا گیا اور پناما پیپرس میں جن کمپنیوں کا تذکرہ کیا گیا ہے ان سے لاعلم ہیں اور ایشوریہ رائے کے قانونی مشیر نے افشاء کردہ رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا تھا ۔۔

TOPPOPULARRECENT