Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / پناہ گزینوں سے متعلق معاہدہ، جرمن چانسلر کا دورۂ ترکی

پناہ گزینوں سے متعلق معاہدہ، جرمن چانسلر کا دورۂ ترکی

برلن؍استنبول۔ 23 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) جرمن چانسلر انگیلا میرکل یورپی یونین کے اعلی حکام کے ہمراہ ترکی پہنچ گئیں، جرمن چانسلر شامی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ کا دورہ کریں گی۔ جرمن چانسلر کے اس دورے کا مقصد شامی سرحد سے ملحقہ علاقے غازیان ٹیپ میں پناہ گزینوں کی صورتحال سے آگاہ ہونا ہے۔ بظاہر وہ یہ دیکھنے جا رہی ہیں کہ وہاں پناہ گزین کس حال میں رہ رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ میں اس معاہدے کی قانونی حیثیت کے حوالے سے سوال اٹھائے گئے ہیں جبکہ انسانی حقوق کے گروہوں کا کہنا ہے کہ ترکی پناہ گزینوں کی واپسی کیلئے محفوظ جگہ نہیں ہے۔ مارچ میں ترکی نے ایک معاہدے پر اتفاق کیا تھا جس کے مطابق ترکی یونان پہنچنے والے پناہ گزینوں کو واپس بلا لے گا جس کے بدلے اسے یورپی یونین کی امداد ملے گی اور اس کے شہریوں کیلئے ویزے کی پابندی ختم کی جائے گی۔ اس دورے میں امکان ہے کہ انگیلا میرکل ترکی وزیرِ اعظم سے ویزا فری سفر سے متعلق بات چیت کریںگی۔ ترک وزیرِ اعظم نے خبردار کیا تھا کہ اگر ویزے کے معاملے پر کوئی پیشرفت نہ دکھائی گئی تو وہ معاہدہ ختم کر دیں گے۔ معاہدے کے مطابق یونان پہنچنے والے ایسے تمام پناہ گزینوں کو ترکی واپس بھیج دیا جائیگا جو پناہ کیلئے درخواست نہیں دیتے یا پھر ان کی درخواست مسترد ہو جاتی ہے ۔ میرکل کو پناہ گزینوں کے حوالے سے پالیسیز پر جرمنی میں کافی مخالفت کا سامنا ہے تاہم انھوں نے ترکی کے ساتھ معاہدہ کا دفاع کیا ہے۔ ان کے اس دورے سے جرمنی میں ایک کامیڈین کی سزا کے حوالے سے بھی دباؤ میں اضافہ ہوگا جس پر ترک صدر رجب طیب ادوغان کی توہین کا الزام ہے۔ گو کہ پناہ گزینوں سے متعلق ترکی اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والا معاہدہ نافذ العمل ہونے کے باوجود بھی سینکڑوں پناہ گزین سمندری راستے سے یونان پہنچے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT