Friday , August 18 2017
Home / دنیا / پناہ گزین معاملہ مرکل کی سب سے بڑی غلطی: ٹرمپ

پناہ گزین معاملہ مرکل کی سب سے بڑی غلطی: ٹرمپ

لندن، 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی جانب سے 10 لاکھ سے زائد تارکینِ وطن کو جرمنی میں داخلے کی اجازت دینے کے فیصلے کو ایک ‘بڑی غلطی’ قرار دیا ہے ۔مسٹر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ محترمہ مرکل یورپ کی اہم لیڈر ہیں اور یورپی یونین کے لیے جرمنی اہم ذریعہ ہے ۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار نیویارک میں موجود اپنے دفتر ٹرمپ ٹاور میں جرمن اور برطانوی اخبارات کے ساتھ اپنی خارجہ پالیسی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کیا۔مسٹر ٹرمپ نے دی ٹائمز اینڈ بلڈ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ترجیحات امریکہ کے لیے شفاف تجارت کے معاہدے کرنا اور اس کی سرحدوں کو محفوظ بنانا ہے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ کو دیگر دنیا کے ساتھ اپنے تجارتی خسارے پر بات کرنا ہو گی خاص طور پر چین کے ساتھ۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی انتظامیہ فری ٹریڈ کے بجائے اسمارٹ ٹریڈ کو ترجیح دے ۔جب ان سے روس کے ساتھ ممکنہ معاہدوں کے بارے میں پوچھا گیا تو مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ نیوکلیئر ہتھیار اس کا حصہ ہوں گے اور انھیں امریکی پابندیاں ختم کرنے کے بدلے میں نمایاں طور پر کم کیا جائے گا۔گذشتہ برس نومبر میں جرمن چانسلر نے امید ظاہر کی تھی کہ نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ روس کے ساتھ نمٹنے کے لیے صرف عملی سیاست کا سہارا نہیں لیں گے ۔ نومنتخب امریکی صدر نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عراق پر 2003 میں کی جانے والی فوج کشی بدترین فیصلہ تھا۔ نومنتخب امریکی صدر نے جرمن چانسلر کے حوالے سے کہا کہ انھوں نے غیرقانونی افراد کو اپنے ملک میں داخلے کی اجازت دے کر ایک تباہ کن غلطی کی ہے ۔ مسٹر ٹرمپ نے ناٹو کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک تو اس کی بنیاد بہت سال پہلے رکھی گئی تھی اور دوسرے اس میں شامل ملکوں کو وہ دیا نہیں جاتاجو ان سے کہا جاتا ہے اور اس کا فائدہ صرف پانچ ممبر ممالک کو حاصل ہے ۔

TOPPOPULARRECENT