Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / پنجاب آل راؤنڈر گر کیرت سنگھ ونڈے ٹیم میں شامل

پنجاب آل راؤنڈر گر کیرت سنگھ ونڈے ٹیم میں شامل

سریناتھ اروند کی چار سال بعد T20 میں واپسی ، ہربھجن کی شمولیت اور جڈیجہ خارج ،ونڈے اور T20 ٹیموں کا اعلان

بنگلورو۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے آل راؤنڈر گرکیرت سنگھ من کو آج ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ کرناٹک کے فاسٹ بولر سریناتھ اروند کی چار سال کے عرصہ بعد دوبارہ واپسی یقینی ہوگئی ہے۔ بی سی سی آئی نے جنوبی افریقہ کے خلاف مجوزہ ہوم سیریز میں تین T20 انٹرنیشنل اور پہلے 3 ونڈے انٹرنیشنل کیلئے ٹیموں کا اعلان کردیا ہے۔ 25 سالہ گرکیرت سنگھ کو انڈیا اے کیلئے حالیہ عرصہ کے دوران متاثرکن مظاہرہ کی بناء ونڈے انٹرنیشنل ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بائیں بازو کے فاسٹ بولر اروند کی حیرت انگیز طور پر T20 ٹیم میں واپسی عمل میں لائی گئی۔ اس ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی ہیں۔ آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے T20 ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی جبکہ سلیکٹرس نے آئندہ مارچ میں آئی سی سی ورلڈ T20 کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ لیگ اسپنر امیت مشرا کو ونڈے اور T20 دونوں ٹیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے سلیکشن کمیٹی اجلاس کے بعد ونڈے انٹرنیشنل اور T20 ٹیموں کا اعلان کیا ہے۔گرکیرت اور اروند کی شمولیت کے علاوہ سلیکٹرس نے ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں لائی اور انہیں کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جنہوں نے حال ہی میں ٹیم کیلئے اچھا مظاہرہ کیا تھا۔ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو دونوں ٹیموں سے نکال دیا گیا ہے۔ جبکہ فاسٹ بولر ایشانت شرما اور ورون آرون جنہیں ٹسٹ اسپیشلسٹ سمجھا جاتا ہے ، ٹیم میں شمولیت کے بارے میں غوروخوض نہیں کیا گیا۔ سینئر کھلاڑیوں جیسے ویراٹ کوہلی، سریش رائنا، شکھر دھون اور روی چندرن اشون ٹیم کے دونوں شعبوں T20 اور ونڈے میں شامل ہیں۔ اسی طرح اجنکیا راہنے ،

امباٹی رائیڈو، موہت شرما اور بھونیشور کمار کو بھی ٹیم کا ایک اہم حصہ تصور کیا جارہا ہے۔ سلیکٹرس کے صدرنشین سندیپ پاٹل نے کہا کہ ورلڈ T20 کو پیش نظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ دھونی کو ونڈے انٹرنیشنل کی کپتانی سے ہٹانے کے بارے میں غور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ونڈے انٹرنیشنل کی کپتانی کے بارے میں ہم نے کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا۔ دھونی نے جس انداز میں ٹیم کی قیادت کی، ہم اس پر خوش ہیں اور مجوزہ سیریز میں بھی انہیں کی قیادت میں ٹیم کھیلے گی۔ ونڈے انٹرنیشنل کی کپتان کی حیثیت سے دھونی کو ہٹانے کے بارے میں بعض اطلاعات کو یکسر مسترد کردیا۔ سندیپ پاٹل نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مجوزہ ورلڈ T20 کے بارے میں غوروخوض کیا ہے۔ ہم نے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور ساتھ ہی ساتھ اس پہلو کا بھی جائزہ لیا کہ کونسے کھلاڑی ہمارے لئے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔ ہم نے حالیہ دنوں میں کھلاڑیوں کے آل راؤنڈ مظاہروں کو پیش نظر رکھا ہے۔ گرکیرت کے انتخاب کے بارے میں سندیپ پاٹل نے بتایا کہ ہم نے ان کے آل راؤنڈ مظاہرے اور حالیہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم : ایم ایس دھونی (کپتان و وکٹ کیپر)، شکھر دھون، روہت شرما، ویراٹ کوہلی، سریش رائنا، اجنکیا راہنے، امباٹی رائیڈو، اسٹارٹ بنی، آر اشون، اکشر پٹیل، ہربھجن سنگھ، بھونیشور کمار، موہت شرما، امیت مشرا، ایس اروند۔
پہلے 3 ونڈے انٹرنیشنل: ایم ایس دھونی (کپتان و وکٹ کیپر)، شکھر دھون، روہت شرما، ویراٹ کوہلی، امباٹی رائیڈو، سریش رائنا، اجنکیا راہنے، اسٹارٹ بنی، آر اشون، اکشر پٹیل، گرکیرت سنگھ مان، امیت مشرا، بھونیشور کمار، موہت شرما، اومیش یادو۔

TOPPOPULARRECENT