Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / پنجاب میں منشیات کا سنگین مسئلہ

پنجاب میں منشیات کا سنگین مسئلہ

حکومت کی بے حسی پر راہول گاندھی کی تنقید
زیرکاپور (پنجاب) 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج پنجاب میں برسر اقتدار شرومنی اکالی دل ۔ بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ منشیات کے مسئلہ پر قابو پانے میں وہ سنجیدہ نہیں ہے جوکہ ریاست میں ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں منشیات کا مسئلہ سنگین رُخ اختیار کر گیا لیکن اکالی حکومت نے اُسے نظرانداز کردیا ہے۔ راہول گاندھی جوکہ پنجاب کے دورہ پر ہیں، آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی تیاریوں پر کانگریس کارکنوں، لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اکالی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ جب انھوں نے پنجاب میں منشیات کا مسئلہ اٹھایا تو شرومنی اکالی دل اور بی جے پی حکومت نے ان کا مذاق اُڑایا تھا اور ان پر پنجاب کو رسواء کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر انھوں نے کہاکہ پنجاب کے امیج کو کوئی مسخ نہیں کرسکتا۔ راہول گاندھی نے بتایا کہ پنجاب کی منفرد شناخت ہے اور یہ ہماری ملک کا قلب ہے جوکہ ہمارے ملک کو زندگی دیتا ہے اور میرے دل میں بھی پنجاب کا ایک مقام ہے۔ انھوں نے یہ ادعا کیاکہ 2017 ء کے اسمبلی انتخابات کے بعد پنجاب میں کانگریس حکومت تشکیل دے گی اور ریاست میں تیز رفتار ترقی کو یقینی بنایا جائے گا اور منشیات کے مسئلہ کو ختم کردیا جائے گا۔ پارٹی قائدین کے ساتھ راہول گاندھی کے اجلاس میں میڈیا کو داخلے کی اجازت نہیں دے گی جس میں تقریباً 2500 کارکن بشمول موجودہ ارکان اسمبلی، ڈپارٹمنٹ، سابق ایم ایل ایز، بلاک صدور اور تنظیمی عہدیدار شریک تھے جس کا اہتمام انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور کی تنظیم انڈین پولٹیکل ایکشن کمیٹی نے کیا ہے۔ سال 2007 ء اور 2012 ء کے انتخابات میں شکست کے بعد سال 2017 ء کے انتخابات میں اقتدار میں آنے کے لئے کانگریس نبرد آزما ہے۔

 

راہول گاندھی کا دورۂ امیٹھی
امیٹھی ،16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی 20 اپریل کو اپنے پارلیمانی حلقہ امیٹھی کا دورہ کریں گے۔ وہ سابق صدر بلاک کانگریس بہادر اوم پرکاش کے مکان بھی جائیں گے جوکہ گزشتہ سال سڑک حادثہ میں ہلاک ہوئے، اور ان کے افراد خاندان کو پرسہ دیں گے۔ بعدازاں ضلع پارٹی صدر یوگیندر مصرا کی قیامگاہ پر ایک خانگی تقریب میں شرکت کے بعد دہلی واپس ہوجائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT