Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / پنجاب و ہریانہ میں زلزلے کے جھٹکے ، محو خواب عوام پریشان

پنجاب و ہریانہ میں زلزلے کے جھٹکے ، محو خواب عوام پریشان

چنڈی گڑھ، 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب، ہریانہ اور شمالی ہند کے دیگر مقامات پر آج صبح سویرے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جانے پر مرد و خواتین اور بچوں میں خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی اور سرد موسم کے باوجود وہ اپنے مکانات سے باہر نکلنے پر مجبور ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اور ہریانہ کے کسی بھی مقام سے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ جس وقت زلزلے سے زمین لرز رہی تھی اُس وقت عوام محو خواب تھے۔ زلزلے کا منبع افغانستان میں تھا جوکہ دہلی اور شمالی ہند کے بعض مقامات پر 12.44 منٹ پر محسوس کئے گئے۔ ملٹی نیشنل کمپنی میں برسر خدمت ایک سینئر اکزیکٹیو اجئے کمار تیسری منزل کے ایک فلیٹ میں مقیم ہیں، بتایا کہ میں گہری نیند میں تھا۔ میری بیوی نے اچانک ’’جاگو جاگو‘‘ کی صدا لگائی اور زلزلہ کا جھٹکا محسوس ہوتے ہی ہم لوگ تیزی کے ساتھ نیچے اُتر گئے۔ چنڈی گڑھ کے مضافات زیراک پور میں ایک اپارٹمنٹ کے چھٹی منزل کے مکین خاندان نے بتایا کہ زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی وہ نیند سے بیدار ہوگئے اور بچے چیخ و پکار کرنے لگے اور والدین پر خوف طاری ہوگیا۔ انھیں سنبھال کر نیچے اُتر آگئے جہاں پر دوسرے مکین بھی اکٹھا ہوگئے تھے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے گرداس پور، پٹھان کوٹ، پھگوار، امرتسر اور ہریانہ کے امبالہ، فریدآباد، گڑگاؤں، حصار اور روہتک میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ واضح رہے کہ 2 ماہ قبل بھی افغانستان کے ہندوکش پہاڑیوں میں زلزلہ آیا جوکہ زلزلہ پیما پر 7.5 ریکارڈ کیا گیا تھا اور اس کا اثر ہندوستان میں بھی محسوس کیا گیا تھا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT