Thursday , May 25 2017
Home / Top Stories / پنیرسلوم مودی کے آگے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے

پنیرسلوم مودی کے آگے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے

راجہ جی ہال میں وزیراعظم کی آمد پر جذباتی مناظر
چینائی 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹاملناڈو کے چیف منسٹر او پنیر سلوم جو اپنی لیڈر کی موت کے غم میں جذبات سے بے قابو ہوگئے تھے، آج وزیراعظم نریندر مودی کے آگے پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے اور دو مرتبہ ان سے بغلگیر ہوگئے۔ جب مودی، جیہ للیتا کے جسد خاکی پر پھول چڑھانے کے لئے تابوت کے قریب پہونچے تھے۔ مودی کی آمد کے موقع پر راجہ جی ہال اور اس کے اطراف ساری فضاء غم و اندوہ کے ساتھ شدید جذبات سے مغلوب تھی اور وزیراعظم انتہائی سخت سکیوریٹی کے درمیان اس وسیع و عریض ہال میں داخل ہوئے جہاں آنجہانی قائد کا جسد خاکی رکھا گیا تھا۔ جیہ للیتا کے جسد خاکی پر پھول مالا رکھنے کے بعد نریندر مودی وہاں موجود پنیر سلوم کی طرف آگے بڑھنے لگے۔ اس موقع پر پنیر سلوم اپنے رنج و غم پر مزید قابو نہیں رکھ سکے اور مودی کے گلے لگ گئے اور وزیراعظم نے بھی ان کی پیٹ تھپکتے ہوئے پرسکون رہنے کی ترغیب دی۔ بعدازاں مودی واپسی کے لئے اپنی گاڑی کے قریب پہونچ گئے جہاں پنیر سلوم نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ مودی سے دوبارہ بغلگیر ہوگئے۔ وزیراعظم نے آنجہانی جیہ للیتا کی دیرینہ بھروسہ مند سہیلی ششی کلا کو بھی دلاسہ دیا۔ وہ (ششی کلا) اس موقع پر دھاڑے مار کر رو رہی تھیں۔ پنیر سلوم اس موقع پر پھر ایک مرتبہ شدید جذبات سے بے قابو ہوگئے اور مودی نے انھیں اپنے گلے لگاتے ہوئے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے پرسکون رہنے کی خواہش کی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT