Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / پوسٹل اسٹامپس کو منقطع کرنے کے فیصلہ سے دستبرداری پر زور

پوسٹل اسٹامپس کو منقطع کرنے کے فیصلہ سے دستبرداری پر زور

اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی ملک کے لیے عظیم خدمات ، وزیر اعظم کو پی سدھاکر ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : تلنگانہ قانون ساز کونسل میں ڈپٹی لیڈر پی سدھاکر ریڈی نے وزیر اعظم کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے پوسٹل اسٹامپس کو یہ کہتے ہوئے منقطع کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلہ کی جانب توجہ مبذول کروائی کہ صرف ایک خاندان کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کی خدمت کی اور وہ ملک اور قوم کی خاطر اپنی زندگیوں کی قربانی دی ۔ مرکزی حکومت کا فیصلہ تاریخی حقائق کی توہین کرنے کے سوائے کچھ نہیں ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے پوسٹل اسٹامپس سے دستبرداری کا اقدام گاندھی خاندان کے امیج کو متاثر کرنے اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش میں اٹھایا گیا قدم ہے ۔ حکومت نے ایک مشاورتی کمیٹی کے مشورہ پر یہ فیصلہ کیا ہے ۔ اس کمیٹی نے سبھاش چندرا بوس ، سردار پٹیل ، مولانا آزاد ، بھگت سنگھ ، جے پرکاش نارائن ، رام منوہر لوہیا ، سوامی ویویکانندا اور مہارانا پرتاپ کے اعزاز میں بھی اسٹامپس جاری کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف اس کمیٹی کے مشورہ پر اسٹامپس سے دستبرداری افسوسناک امر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مذکورہ بالا عظیم قائدین پر اسٹامپس جاری کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے اسٹامپس کو منقطع کرنا حکومت کے لیے مناسب بات نہیں ہے ۔ پی سدھاکر ریڈی نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے پوسٹل اسٹامپس کو منقطع کرنے کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کی جائے اور اسے اسی طرح جاری رکھا جائے ۔۔

TOPPOPULARRECENT