Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / پولیس سے جھڑپ میں سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت 7 افراد ہلاک

پولیس سے جھڑپ میں سپرنٹنڈنٹ پولیس سمیت 7 افراد ہلاک

متھرا ۔ /2 جون (سیاست ڈاٹ کام)  5 احتجاجی مظاہرین اور دو ملازمین پولیس بشمول سپرنٹنڈنٹ پولیس رتبہ کا ایک عہدیدار ہلاک کردیئے گئے جبکہ 40 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ۔ پولیس اور احتجاجیوں کے درمیان اس وقت جھڑپ ہوئی جبکہ ناجائز قبضہ گیروں کے خلاف پولیس نے جواہر باغ میں کارروائی شروع کردی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ مہلوکین آزاد بھارت ویدھک ویچارک کرانتی ستیہ گرہی تنظیم کے کارکن تھے ۔ آئی جی ایچ آر شرما نے کہا کہ تقریباً 300 ناجائز قبضہ گروں نے پولیس پر سنگباری کی ۔ بعد ازاں فائرنگ کا آغاز کردیا ۔ جب پولیس کی ٹیم اس مقام پر پہونچی تو اسے احتجاجی کا سامنا کرنا پڑا ۔ جوابی کارروائی میں پولیس کو لاٹھی چارج اور آنسو گیاس کے ناکام ہونے پر فائرنگ کرنی پڑی ۔ ضلع کے سی ایم او ویویک مشرا نے کہا کہ پانچ احتجاجی اور دو ملازمین پولیس ہلاک ہوگئے ۔ ایس پی مکل دویدی اور ایس ایچ او فرح پولیس اسٹیشن سنتوش کمار ناجائز قبضہ گیروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے ۔ 48 احتجاجی اور تقریباً 24 پولیس ملازمین جھڑپوں میں زخمی ہوئے ۔ چیف منسٹر اکھلیش یادو نے اس واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مہلوک پولیس ملازمین کے ہر خاندان کو 20 لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کرنے کا اعلان کیا ۔ اے ڈی جی پولیس کو انہوں نے فوری مقام واردات پر روانہ کیا تاکہ اس صورتحال پر قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے پولیس نے مزید جمعیت اس علاقہ کو روانہ کی اور خاطیوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ۔ رام ورکشا یادو احتجاجیوں کے قائد تھے اور صیانتی عہدیدار چندن گوڑ اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب رہے ۔ کارکنوں نے نہ صرف دستی بم استعمال کئے بلکہ خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی ۔ اس علاقہ میں بم دھماکوں سے دھواں بھرا ہوا تھا ۔ گیاس سیلنڈروں کے پھٹ پڑنے سے جھونپڑوں کو آگ لگ گئی ۔ احتجاجیوں کا مطالبہ تھا کہ صدر جمہوریہ اور وزیراعظم کے انتخابات منسوخ کردیئے جائیں ۔ موجودہ کرنسی کے بجائے آزاد ہند فوج کرنسی رائج کی جائے ۔
ڈیزل ایک روپئے میں 60 لیٹر اور پٹرول ایک روپئے میں 40 لیٹر کی شرح سے فروخت کیا جائے ۔ ہائیکورٹ نے ایک درخواست عامہ پر کارروائی کرتے ہوئے اراضی کا تخلیہ کروانے کی ہدایت جاری کی تھی ۔ جس کی تعمیل میں پولیس نے یہ کارروائی کی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT