Tuesday , October 17 2017
Home / ہندوستان / پولیس عہدیدار کی خودکشی ۔اہلیہ کا اقدام خودکشی: پولیس کیلئے الجھن

پولیس عہدیدار کی خودکشی ۔اہلیہ کا اقدام خودکشی: پولیس کیلئے الجھن

نئی دہلی۔/17نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی پولیس کے خصوصی شعبہ میں تقرر کے ایک دن بعد ایک سینئر عہدیدار نے اپنے آپ کو گولی مار لی جبکہ اس کی اہلیہ نے اپنے اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل سے چھلانگ لگادی۔ تاہم اس جوڑے کا انتہائی اقدام ایک معمہ بن گیا ہے کیونکہ تحقیقات کاروں کو اس واقعہ کے پس پردہ محرکات کے بارے میں کوئی سراغ دستیاب نہیں ہوسکا۔ اسپیشل سیل کے ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم ، نوئیڈا سیکٹر 100 میں قیام پذیر اسسٹنٹ کمشنر رتبہ کے آفیسر امیت سنگھ کے اپارٹمنٹ پہنچی۔ لیکن وہاں پر کوئی خودکشی نوٹ دستیاب نہیں ہوا ۔ امیت سنگھ کے آبائی گاؤں چھاپرا ( بہار ) میں ان کے رشتہ داروں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ بعد پوسٹ مارٹم ان کی نعش رشتہ داروں کے حوالے کردی جائے گی۔ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات میں نوائیڈا پولیس سے تعاون کیا جارہا ہے۔ کئی ایک عہدیداروں سے پوچھ تاچھ کی گئی جنہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ امیت سنگھ کے طرز عمل میں کوئی تبدیلی محسوس نہیں کی گئی۔ دریں اثناء امیت سنگھ کی اہلیہ سریتا کی حالت بدستور تشویشناک ہے، ان کی صحت بہتر ہونے پر کوئی نہ کوئی اطلاعات فراہم ہونے کی امید ہے۔ پولیس تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ امیت سنگھ کل شب اپنے کمرہ کو اندر سے مقفل کرلیا اور اپنی سرویس ریوالور سے گولی مارلی۔ گولی کی آواز سن کر سیکوریٹی گارڈ اور پڑوسی اکٹھا ہوگئے ۔ دریں اثناء امیت سنگھ کی اہلیہ نے بالکونی کی سمت بھاگتے ہوئے بلندی سے چھلانگ لگادی ۔ ان کے اپارٹمنٹ کے احاطہ میں خون کے دھبے پائے گئے۔ پڑوسیوں نے بتایا کہ سریتا سنگھ نے اقدام خودکشی سے قبل ایک کلائی کو کاٹ لی تھی۔

TOPPOPULARRECENT