Friday , August 18 2017
Home / ہندوستان / پولیس ملازمین کی رہائش گاہ کو دھماکہ سے اُڑا دینے کی دھمکی

پولیس ملازمین کی رہائش گاہ کو دھماکہ سے اُڑا دینے کی دھمکی

میرٹھ کے کلکٹر اور کمشنر کو بھی جیش محمد کی جانب سے انتباہ
میرٹھ ۔ 21 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہشت گرد گروپ جیش محمد کی جانب سے مبینہ طورپر ایک مکتوب روانہ کیا گیا ہے جو فوجی عہدیداروں کو موصول ہوا ۔ اس مکتوب میں دھمکی دی گئی ہے کہ میرٹھ کے پولیس ملازمین کی رہائش گاہوں کے علاوہ ضلع کلکٹر اور کمشنر کی رہائش گاہ کو بھی دھماکوں سے اُڑا دیا جائے گا ۔ دھمکی بھرے مکتوب کی وصولی کی کے بعد ان رہائش گاہوں کے اطراف سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے، تاہم ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ مکتوب بعض شرپسند عناصر کی کارستانی ہوسکتی ہے ۔ اس مکتوب کو مبینہ طورپر 14 مارچ کو اسی ضلع سے پوسٹ کیاگیا ہے ۔ یہ مکتوب 17 مارچ کو یہاں تعینات فوجی عہدیداروں کو موصول ہوا ۔ فوج کے سب ڈیویژن ہیڈکوارٹرس کو مکتوب ملتے ہی سارے علاقہ میں چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس رویندر گوڑ کے مطابق پولیس نے ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلایا ہے کہ یہ مکتوب بعض شرپسند عناصر کی کارروائی ہوسکتی ہے ۔ تاہم مکتوب ملنے کے بعد عوام کے اندر سراسمیگی پیدا ہوئی ہے ۔ پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے پورے علاقہ میں سکیورٹی بڑھا دی ہے ۔ مکتوب میں دی گئی دھمکیوں کی تفصیلی تحقیقات کے لئے مقامی انٹلیجنس یونٹ کے حوالے کیا گیا ہے ۔ ضلع کلکٹر اور کمشنر کی رہائش گاہوں کے اطراف و اکناف سکیورٹی کو سخت کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT