Wednesday , May 24 2017
Home / شہر کی خبریں / پولیس میں ترقیاتی امتحانات اردو میں تحریر کرنے کی سہولت

پولیس میں ترقیاتی امتحانات اردو میں تحریر کرنے کی سہولت

سیاسی قائدین کی فوری توجہ دہانی پر محکمہ پولیس کا فیصلہ
حیدرآباد۔13اپریل (سیاست نیوز) محکمہ پولیس میں ترقیاتی امتحانات اردو زبان میں تحریر کئے جا سکیں گے۔ سٹی پولیس کی جانب سے 17اور 18اپریل کو منعقد ہونے جارہے ہیڈ کانسٹبل اور اے ایس آئی کو ایس آئی کے عہدہ پر ترقی کیلئے امتحانات اردو میں تحریر کئے جاسکیں گے ۔ دو یوم قبل سٹی پولیس نے ان امتحانات کو صرف انگریزی اور تلگو میں منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے سبب محکمہ پولیس میں خدمات انجام دے رہے اردو داں طبقہ میں مایوسی پیدا ہو گئی تھی لیکن روزنامہ سیاست میں خبر کی اشاعت اور سیاسی قائدین کی فوری توجہ دہانی کے سبب محکمہ پولیس کے اعلی عہدیداروں کی مداخلت کے بعد اردو زبان میں امتحان تحریر کا انتظام نہ ہونے کا اعلان کرنے والے عہدیداروں نے ہی اس مسئلہ کی یکسوئی کرتے ہوئے ان امتحانات میں انگریزی اور تلگو کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی انعقاد کو ممکن بنانے کا اعلان کرتے ہوئے تمام درخواست گذاروں کو بذریعہ فون مطلع کردیا کہ وہ یہ امتحانات اپنی اختیار کردہ زبان میں تحریر کرسکتے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں اردو زبان کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ فراہم کئے جانے کے باوجوداس طرح محکمہ جاتی سطح پر توجہ دہانی کی ضرورت کا پیش آنا مناسب نہیں ہے کیونکہ حکومت نے جب فیصلہ کرلیا ہے تو اس فیصلہ کے متعلق تمام محکمہ جات کو واقف کرواتے ہوئے انہیں ان فیصلوں پر عمل آوری میں کوئی کوتاہی نہ کرنے کی ہدایت دینی چاہئے۔ محکمہ سٹی پولیس کی جانب سے ترقیاتی امتحان میں تین زبانوں میں امتحان تحریر کرنے کے فیصلہ کے بعد اردو داں امیدواروں نے راحت کی سانس لی۔ ریاستی حکومت تمام محکمہ جات اور شعبوں کو ریاست میں اردو زبان کے موقف اور ا س کی اہمیت کے متعلق اعلامیہ جاری کرتے ہوئے روانہ کرتی ہے تو ایسی صورت میں اس طرح کی صورتحال مستقبل میں پیش نہیں آئے گی ۔ 17اور18 اپریل کو عنبر پیٹ میں منعقد ہونے جا رہے محکمہ جاتی ترقیات کے امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں میں زائد از 35امیدوار ایسے ہیں جو اردو زبان میں امتحان تحریر کرنے کے خواہشمند تھے اور جملہ 158ایس آئی کے عہدوں پر ترقی کیلئے منعقد ہونے والے ان امتحانات میں 35اردو داں امیدواروں کی شرکت کافی اہمیت کی حامل تصور کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT