Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / پولیس نے جماعت اہلحدیث کو خلوت پر جلسہ کی اجازت نہیں دی

پولیس نے جماعت اہلحدیث کو خلوت پر جلسہ کی اجازت نہیں دی

حیدرآباد /28 اگست ( سیاست نیوز ) پرانے شہر کے خلوت میدان میں جماعت اہلحدیث حیدرآباد کے زیر اہتمام جلسہ عام کی اجازت دینے سے پولیس نے انکار کردیا ۔ مسٹر شفیق عالم خان جمائی سکریٹری جماعت اہلحدیث نے 17 اگست کو ڈی سی پی ساؤتھ زون کے دفتر میں ایک درخواست داخل کرکے 29 اگست کو خلوت میدان میں جلسہ کی اجازت طلب کی تھی ۔ پولیس کی جانب سے اجازت میں تاخیر کے سبب جماعت کے ارکان نے ہائیکورٹ میں رٹ درخواست داخل کرکے جلسہ کیلئے پولیس کو ہدایت دینے کی گذارش کی تھی ۔ ساؤتھ زون پولیس نے عدالت کو واقف کروایا کہ جلسہ کی اجازت دینے پر امن و ضبط کیلئے مسئلہ ہوسکتا ہے ۔ جلسہ پر بعض مقامی افراد نے اعتراض کیا ہے ۔ جسٹس اے وی سیشا سائی نے فیصلہ سناتے ہوئے درخواست گذار کو یہ ہدایت دی کہ وہ اجازت کیلئے وہ دوبارہ ڈی سی پی ساؤتھ زون سے رجوع ہوں ۔ پولیس کو مقررین کی فہرست فراہم کریں ڈی سی پی کو یہ ہدایت دی کہ درخواست پر اندرون ایک دن فیصلہ کریں ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے ایک نوٹ میں بتایا کہ جماعت اہلحدیث کی جانب سے ساؤتھ زون کے علاقہ شمع ٹاکیز ، کالا پتھر ، تالاب کٹہ ، ایس آر ٹی کالونی ، مدینہ نگر بی بلاک ، نواب صاحب کنٹہ اور مصری گنج پھول باغ میں مبینہ اشتعال انگیز تقاریر سے بے چینی پیدا ہوگئی ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ انہیں یہ اطلاعات موصول ہوئی ہے کہ اس جلسہ عام کے انعقاد سے علاقہ میں امن و ضبط کو خطرہ لاحق ہے اور احتجاج کا امکان ہے ۔ انٹلیجنس کی اطلاعات تھیں کہ لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے ۔ ساؤتھ زون پولیس نے جلسہ عام کی اجازت دینے سہ آج رات انکار کردیا ۔ واضح رہے کہ ایک رکن پارلیمنٹ نے پہلے جماعت اہلحدیث کے جلسہ میں شرکت سے اتفاق کیا تھا تاہم بعد میں ناگزیر مصروفیات کا عذر پیش کرکے شرکت سے معذوری ظاہر کردی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT