Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / پوچھ تاچھ کے دوران ڈائریکٹر پوری جگناتھ کسی بھی دباؤ میں نہیں تھے

پوچھ تاچھ کے دوران ڈائریکٹر پوری جگناتھ کسی بھی دباؤ میں نہیں تھے

منشیات مافیا کی تحقیقات کا دوسرا دن ،ٹالی ووڈ کے کیمرہ مین شیام کے نائیڈو سے پوچھ گچھ
حیدرآباد۔20جولائی (سیاست نیوز)شہر حیدرآباد کے عثمانیہ اسپتال کے آرایم او رفیع جنہوں نے گزشتہ روز تلگو فلموں کے ڈائرکٹر پوری جگناتھ سے منشیات مافیا کے سلسلہ میں کی گئی پوچھ گچھ کے دوران ان کے خون کے نمونے ‘بال اور انگلیوں وپیر کے نشانات حاصل کئے تھے ‘کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران پوری جگناتھ کسی بھی دباؤ میں نہیں پائے گئے اور انہوں نے تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری جگناتھ کا بلڈپریشر اور شوگر کی سطح بھی نارمل تھی۔اسی دوران تلگو فلموں کے اداکار پرکاش راج نے منشیات معاملہ میں جاری جانچ کے مسئلہ پر کہا کہ یہ ایک اہم وقت ہے کیونکہ اس معاملہ کی جانچ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جانچ کی رپورٹ آنے تک عوام اور میڈیا کو تحمل سے کام لینا چاہئے اور کسی بھی قسم کی سنسنی سے گریز کرنا چاہئے ۔ اسی دوران ٹالی ووڈ کو دہلا دینے والے منشیات کے مافیا کی جانچ کے سلسلہ میں خصوصی جانچ ٹیم نے آج دوسرے دن ٹالی ووڈ کے کیمرہ مین شیام کے نائیڈو سے پوچھ تاچھ کی ۔اس معاملہ میں تلگو فلموں کی اہم شخصیتوں کو خصوصی جانچ ٹیم نے نوٹس جاری کرتے ہوئے حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی ۔ آج پوچھ تاچھ کے دوسرے دن تلگو فلموں کے سرکردہ کیمرہ مین شیام کے نائیڈو سے پوچھ تاچھ کی گئی۔آج صبح نائیڈو اپنے وکیل اور دو ساتھیوں کے ساتھ خصوصی جانچ ٹیم کے دفتر پہنچے ۔ ذرائع کے مطا بق سیکشن 67کے تحت ان سے سوالات کئے گئے ۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ منشات کی خریدوفروخت کے سلسلے میں گرفتار کئے گئے اصل ملزم کیلوین کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بھی ان سے پوچھ تاچھ ہوئی ہے ۔پوچھ تاچھ کرنے والے افسروں نے ان سے یہ بھی پوچھا ہے کہ انہوں نے منشیات کہاں سے حاصل کئے ۔کیلون سے ان کے تعلقات کیسے تھے ۔شیام کے نائیڈو ،مشہور ڈائرکٹر پوری جگناتھ کے قریبی مانے جاتے ہیں جن سے گزشتہ روز خصوصی جانچ ٹیم نے پوچھ تاچھ کی تھی۔ٹیم کو امید ہے کہ نائیڈو سے پوچھ تاچھ کے دوران اہم معلومات حاصل ہوں گی۔گزشتہ روز پوری جگناتھ سے پوچھ تاچھ میں ملے سراغ کی بنیاد پر اس معاملہ کی جانچ میں تیزی پیداکردی گئی ہے ۔آبکاری کی خصوصی ٹیم کی طرف سے تلگوفلم انڈسٹری سے وابستہ تقریباً 12شخصیتوں کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں اور پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ یہ پوچھ تاچھ 24جولائی تک جاری رہے گی ،پھر 26تا28جولائی یہ پوچھ تاچھ کی جائے گی۔اس معاملہ کے اصل ملزم کیلون کے فون ڈاٹا کی بنیاد پر خصوصی جانچ ٹیم نے نوٹسیں جاری کی ہیں۔ پوچھ تاچھ کے دوران تلگو فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی ان اہم شخصیتوں کی جانب سے دیئے گئے جوابات کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جارہی ہی جس سے مستقبل میں اس معاملہ کی پیشرفت میں مددملنے کی توقع ہے ۔ پوچھ تاچھ کے دوران محکمہ آبکاری کے دفتر پر پولیس کا بھاری بندوبست دیکھا گیا۔

TOPPOPULARRECENT