Wednesday , August 23 2017
Home / ہندوستان / پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر روزانہ 6 بجے صبح نظرثانی

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر روزانہ 6 بجے صبح نظرثانی

ڈیلرس کے مطالبہ سے حکومت کا اتفاق، مجوزہ ہڑتال واپس
نئی دہلی ۔ 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول پمپ مالکین نے جمعہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر روزانہ نظرثانی کے خلاف مجوزہ ہڑتال واپس لے لی کیونکہ حکومت نے نصف شب کی بجائے ہر دن 6 بجے صبح سے قیمت میں تبدیلی کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ اب تک قیمت پر نظرثانی کا اثر نصف شب سے ہوتا تھا اس کی وجہ سے ڈیلرس کو ہر رات خصوصی اسٹاف اس غرض کیلئے متعین کرنا پڑے گا لہٰذا 16 جون سے صبح 6 بجے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خانگی پٹرول پمپ مالکین نے نصف شب سے قیمتوں پر نظرثانی کیلئے خاطرخواہ انفراسٹرکچر نہ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ہڑتال کا انتباہ دیا تھا۔ وزیرآئیل دھرمیندر پرساد نے کہا کہ قیمت میں تبدیلی کے تعلق سے نئے اوقات کا تعین قابل عمل ہے لہٰذا 16 جون سے صبح 6 بجے نئی قیمت کا اطلاق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلرس ہر دن اپنا کاروبار شروع کرنے سے پہلے نئی قیمت پر عمل کریں گے۔ فیڈریشن آف آل انڈیا پٹرولیم ٹریڈرس کے صدر اشوک بھدوار نے کہا کہ حکومت نے روزانہ قیمت پر نظرثانی کا فیصلہ عوامی مفاد میں کیا ہے۔ لہٰذا ہم بھی عوامی مفاد میں مجوزہ احتجاج سے دستبردار ہورہے ہیں۔ پردھان نے کہا کہ پانچ شہروں میں روزانہ قیمت پر نظرثانی کا تجربہ کامیاب رہا جس کے بعد ملک بھر میں اسے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT