Wednesday , September 20 2017
Home / ہندوستان / پٹرول پمپس پر 13 جنوری کے بعد بھی کارڈ پر ادائیگی برقرار

پٹرول پمپس پر 13 جنوری کے بعد بھی کارڈ پر ادائیگی برقرار

گاہکوں سے معاملت چارج وصول نہیں کیا جائیگا ، پمپ مالکین پر بوجھ ڈالنے سے گریز
نئی دہلی ۔9 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہا کہ تمام پٹرول پمپس پر 13 جنوری کے بعد کریڈٹ اور ڈبیٹ کارڈس قبول کئے جائیں گے اور گاہکوں کو معاملت کے چارجس ادا کرنا نہیں ہوگا۔ پٹرول پمپس کے مالکین نے کارڈس کے ذریعہ ادائیات کی قبولیت ختم کرنے کی دھمکی دی تھی چنانچہ حکومت نے ایک ایسے بحران کو ٹال دیا جس سے لاکھوں افراد متاثر ہوسکتے تھے ۔ بعد ازاں کہا کہ بینکس اور تیل کمپنیاں اس تبادلۂ خیال میں مصروف ہیں کہ یہ چارجس کون برداشت کریں گے ۔ وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان نے اس مسئلہ پر وزیرفینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ ’’مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ ( ایم ڈی آر ) چارجس ، آر بی آئی کی رہنمایانہ خطوط کے مطابق عائد کئے گئے ہیں لیکن انھیں برداشت کون کرے گا؟ بینکس اور تیل کمپنیاں اس مسئلہ پر گفت و شنید میں مصروف ہیں‘‘ ۔ پردھان نے مزید کہاکہ ’’گزشتہ روز بھی ہم یہ تیقن دے چکے تھے کہ رٹیل آؤٹ لٹس اور پٹرول پمپ مالکین چونکہ کمیشن ایجنٹس کے طورپر کام کرتے ہیں چنانچہ ہم اُن پر یہ قیمت عائد نہیں کرسکتے ‘‘ ۔ بینکوں نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ایک فیصد معاملت چارجس پٹرول پمپ مالکین کو برداشت کرنا ہوگا جس کے بعد ان مالکین نے کارڈس کے ذریعہ ادائیگیوں کا طریقہ کار ختم کرنے کی دھمکی دی تھی ۔ لیکن یہ بحران اُس وقت ٹل گیا جب بینکوں نے اس بات سے اتفاق کرلیا تھا کہ مزید پانچ دن تک معاملت چارجس کے لئے اصرار نہیں کیا جائے گا ۔ جس کے نتیجہ میں پٹرول پمپ مالکین نے کارڈس کے ذریعہ ادائیات کی سہولت ختم کرنے کی دھمکی کو آئندہ پانچ دن یعنی 13 جنوری تک موخر کردیا تھا ۔ دھرمیندر پردھان نے کہاکہ نقدی کے بغیر ڈیجیٹل طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے ادائیگیاں کرنے والے گاہکوں سے کسی بھی قسم کے معاملت چارجس وصول نہ کرنے کے بارے میں حکومت اپنے فیصلہ کی پابند ہے اس کے ساتھ ڈیجیٹل ادائیات پر ایندھن کی قیمت میں 0.75 فیصد ڈسکاؤنٹ بھی بدستور برقرار رہیگا ۔ پردھان نے کہاکہ کیش لیس معیشت کیلئے حکومت اپنے فیصلہ پر عمل آوری کو یقینی بنائے گی ۔ انھوں نے کہاکہ ’’آنے والے دنوں میں کسی بھی نوعیت کی ڈیجیٹل معاملت بالخصوص پٹرول پمپس پر کارڈس کے ذریعہ بل کی ادائیگی کے چارجس کا بوجھ گاہکوں پر نہیں ڈالا جائے گا ‘‘ ۔

TOPPOPULARRECENT