Friday , October 20 2017
Home / جرائم و حادثات / پٹرول پمپ سارقین کی ٹولی گرفتار

پٹرول پمپ سارقین کی ٹولی گرفتار

حیدرآباد /16 فروری ( سیاست نیوز ) پٹرول پمپ میں ڈکیتی کی واردات انجام دینے کی کوشش کرنے والے ایک 5 رکنی ٹولی کو پولیس راجندر نگر نے بے نقاب کردیا اور 5 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر گنگاریڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار افراد کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ اے سی پی نے بتایا کہ 21 سالہ سیف جو پیشہ سے اس پٹرول پمپ کا کاشیر تھا جس نے ڈکیتی کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔ اس کے علاوہ اس کے ساتھیوں 19 سالہ سید سمیع ، 19 سالہ مرزا علیشان بیگ 23 سالہ علی قریشی اور 19 سالہ ضمیر کو گرفتار کرلیا ۔ گذشتہ روز سیف نے ایک منصوبہ تیار کیا تھا کہ پٹرول پمپ کو لوٹ لیا جائے ۔ یہ پٹرول  پمپ جو پلر نمبر 136 کے قریب واقع ہے ۔ گذشتہ 6 ماہ سے سیف یہاں کام کرتا تھا اور اس پٹرول پمپ کا روزانہ 2 لاکھ روپئے کا غلہ تھا ۔ سیف عادتوں کے ہاتھوں مجبور تھا اور کمائی سے اس کے شوق پورے نہیں ہو رہے تھے ۔ عیش پسند زندگی گذارنے کا یہ عادی بن گیا تھا اور اس نے ڈکیتی کا منصوبہ تیار کیا ۔ ان 5 افراد کی ٹولی نے ایک آٹو حاصل کیا اور اپنے چہرے ڈھانکنے اور شناخت کو چھپانے کیلئے ماسک خریدے اور چاقو بھی حاصل کرلیا ۔ سیف نے انہیں بتایا تھا کہ جب پمپ کے دیگر ملازمین آرام کر رہے ہوں گے عین اس وقت حملہ کیا جائے ۔ پولیس نے ایک اطلاع پر انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے آٹو ، چاقو ، سیل فونس اور ماسکس ضبط کرلئے ۔

TOPPOPULARRECENT