Tuesday , August 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / پٹن چرو بلدی ڈیویژن کو ترقی یافتہ بنانے کا عزم

پٹن چرو بلدی ڈیویژن کو ترقی یافتہ بنانے کا عزم

ٹی آر ایس امیدوار آر کمار یادو کی انتخابی مہم سے ٹی ہریش راؤ کا خطاب

سنگاریڈی /24 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے حدود میں واقع تین ڈیویژنس پٹن چرو، رام چندرا پور اور بھارتی نگر سے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔ پٹن چرو کو ہر سطح پر ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے ضلع کے تین ڈیویژنس کے انتخابی دورہ کے موقع پر کیا۔ انھوں نے کہا کہ حزب مخالف جماعتوں کے قائدین اور کارکن اپنی جانب سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کے ترقیاتی کاموں سے متاثر ہوکر عوام ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیابی سے ہم کنار کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد کو بین الاقوامی سطح پر ترقی دینے کے لئے وزیر اعلی شب و روز مصروف ہیں، جب کہ آب رسانی بلز اور ٹیکس کی معافی ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ 17 مقامات پر ڈبل بیڈ روم والے مکانات کی تعمیر اور پانچ روپئے میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے مزید 200 مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بے روزگاروں کو تربیت دے کر انھیں روزگار سے مربوط کیا جائے گا اور پینے کے پانی کی قلت دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ قبل ازیں پٹن چرو ٹاؤن کے مختلف پارٹی قائدین بی ایچ ای ایل مزدور یونین قائدین فہیم اقبال، ٹی ڈی پی قائدین اننت ریڈی، رمیش گوڑ اور اقلیتی قائد محمد ستار اپنے حامیوں کے ہمراہ وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی، جب کہ ریاستی وزیر نے انھیں پارٹی کھنڈوا پہناکر ٹی آر ایس میں شامل کیا۔ اس موقع پر پربھاکر ریڈی رکن پارلیمنٹ میدک، ایم ایل سی بھوپال ریڈی، رکن اسمبلی پٹن چرو مہیپال ریڈی، پٹن چرو ڈیویژن کے ٹی آر ایس امیدوار آر کمار یادو اور مرزا وحید بیگ مقبول ریاستی قائد ٹی آر ایس، محمد سلیم، یاسین، عظیم، بشیر اور قیصر بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT