Thursday , August 24 2017
Home / ہندوستان / پٹھان کوٹ حملہ :این آئی اے نے دہشت گردوں کی تصاویر جاری کیں

پٹھان کوٹ حملہ :این آئی اے نے دہشت گردوں کی تصاویر جاری کیں

نئی دہلی 21 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) پٹھان کوٹ دہشت گردانہ حملہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں پاکستانی ایس آئی ٹی کی آمد سے قبل این آئی اے نے آج چار دہشت گردوں کی تصاویر جاری کیں جو اس حملہ کے وقت جوابی کارروائی میں مارے گئے تھے ۔ یہ حملہ 2 جنوری کو انڈین ائر فورس کے ٹھکانہ پر کیا گیا تھا ۔ یہاں 80 گھنٹوں تک مقابلہ ہوتا رہا ۔ واضح رہے کہ پاکستان کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم اس حملہ کی تحقیقات کے سلسلہ میں 27 مارچ کو ہندوستان آنے والیا ہے ۔ اس سے قبل آج قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے ) نے ان چار دہشت گردوں کی تصاویر جاری کیں۔ پاکستانی ٹیم اس حملہ کے حقائق کا پتہ چلانے کی کوشش کریگی ۔ این آئی اے نے جو تصاویر جاری کی ہیںان میں نعشوں کو دکھایا گیا ہے اور ان کے قد وغیرہ کی تفصیل درج کی گئی ہے ۔ ایجنسی نے کہا کہ مہلوکین میں ایک دہشت گرد ایسا ہے جس کے دونوں ہی پیروں میں انگوٹھا نہیں ہے ۔ ان تصاویر کو جاری کرتے ہوئے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ان کے تعلق سے اطلاعات فراہم کریں۔ ایجنسی کی جانب سے پہلے ہی انٹرپول سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان چاروں کیلئے سیاہ نوٹس جاری کرے ۔ انٹرنیشنل نوٹس نامعلوم نعشوں کی شناخت کیلئے جاری کی جاتی ہے ۔ مزید دو دہشت گردوں کے تعلق سے این آئی اے کا منصوبہ ہے کہ ایک اور فارنسک لیب سے رجوع کیا جائے تاکہ ان کی شناخت کا مسئلہ حل ہوسکے ۔ کہا گیا ہے کہ ان دونوں کی شناخت کا پتہ چلانے میں کچھ وقت درکار ہوسکتا ہے ۔ یہ کہا جارہا ہے کہ پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کی آمد سے قبل ایسا ہونا ممکن نہیں ہے ۔ پاکستانی ٹیم 27 مارچ کو ہندوستان آ رہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT