Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / پٹھان کوٹ حملہ ‘ جوابی کارروائی پر وزیر اعظم کا اظہار اطمینان

پٹھان کوٹ حملہ ‘ جوابی کارروائی پر وزیر اعظم کا اظہار اطمینان

ائر فورس اڈہ پر وزیر اعظم نے دیڑھ گھنٹہ گزارا ، فضائیہ سربراہ و دیگر عہدیداروں کیساتھ تبادلہ خیال، حملہ کے مقامات کا معائنہ
پٹھان کوٹ، 9 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج فوجی نقطہ نظر سے اہمیت کے حامل ائر فورس کے اڈہ پٹھان کوٹ کا دورہ کیا اور وہاں انہوں نے ائر فورس کے سربراہ وہ دیگر عہدیداروں کے ساتھ گزشتہ ہفتہ کو مشتبہ پاکستانی دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے حملے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ مودی نے ائر فورس اڈہ میں90 منٹ گزارے ۔ اس دوران انہیں ائر فورس کے عہدیداروں نے حملے کی تفصیل سے واقف کروایا اور بتایا کہ یہاں سکیوریٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ ائر فورس سربراہ ائر مارشل اروپ راہا اور نیشنل سکیوریٹی گارڈ عہدیداروں نے وزیر اعظم کو اس حملہ کے تعلق سے تفصیلات بتائیں اور نقشوں ، فضائی تصاویر اور کارروائی کی تصاویر کے ذریعہ اس حملہ کے مرتکبین کے خلاف کئے گئے جوابی اقدامات کی تفصیلات سے بھی واقف کرایا، محکمہ دفاع کے ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ پٹھان کوٹ ائر فورس اسٹیشن کے دورہ کے بعد وزیر اعظم نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ جوابی کارروائی کیلئے جو فیصلے کئے گئے اور ان پر جس طرح عمل  کیا گیا اس کو انہوں نے اطمینان سے نوٹ کیا ہے اور جو رد عمل اختیار کیا گیا ، وہ بھی بہتر رہا ۔انہوں نے کہا کہ اس کارروائی میں انہیں مختلف فیلڈ یونٹوں میں رابطے کا بھی پتہ چلا ہے ۔ وہ میدان پر سکیوریٹی مرد و خواتین کی بہادری اور ان کے عزم کی ستائش کرتے ہیں۔ وہ سب ہمارا فخر ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے ٹوئیٹ میں یہ بھی کہا کہ فوج کی قیادت نے انہیں واقف کروایا کہ کس طرح انتہائی سنگین حملہ کو ناکارہ بنایا گیا اور جواب میں کیا کارروائیاں کی گئیں۔ مودی نے حملہ کے مقامات کا معائنہ بھی کیا ۔ اس حملہ کے نتیجہ میں ہندوستانی سکیوریٹی میں مبینہ نقائص ظاہر ہوئے تھے ۔ پٹھان کوٹ حملہ کے بعد مہلوک حملہ آوروں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ضبط ہوئے۔ اس کارروائی میں سات ہندوستانی اہلکاروں کی جان بھی گئی ۔ وزیر اعظم کو یہاں ملٹری انجینئرنگ سرویس یارڈ کا بھی دورہ کروایا گیا، جہاں سب سے پہلے دہشت گردوں کا سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ مقابلہ ہوا تھا ۔

انہیں دو منزلہ عمارت کا بھی دورہ کروایا گیا جو ائر مینس قیامگاہ ہے جہاں آخری دو دہشت گردوں کو سکیوریٹی فورسیس نے عمارت کو دھماکہ سے اڑاتے ہوئے ہلاک کردیا تھا ۔ مودی نے ہند ۔ پاک سرحد کے ٹھکانوں کا فضائی سروے بھی کیا ۔ وہاں تک میڈیا کو رسائی نہیں دی گئی۔ مودی کے اس دورۂ پٹھان کوٹ ائر فورس اسٹیشن کو اس لئے اہمیت حاصل ہوگئی کیونکہ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ہندوستان اس حملہ کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت کو منسوخ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔ سکیوریٹی فورسیس نے کل ہی اعلان کردیا تھا کہ اب یہ ائر فورس اسٹیشن بالکل محفوظ ہے ۔ سکیوریٹی فورسیس نے مسلسل تین دن تک یہاں مکمل تلاشی لینے اور تمام احتیاط کے بعد اسے محفوظ قرار دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT