Tuesday , September 19 2017
Home / پاکستان / پٹھان کوٹ حملہ پر ہندوستان الزام تراشیوں میں مصروف

پٹھان کوٹ حملہ پر ہندوستان الزام تراشیوں میں مصروف

تمام ممالک کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے: پاکستان
اسلام آباد 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان پر الزام عائد کیاکہ وہ پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ پر غیر معاون رویہ اختیار کرتے ہوئے الزام تراشیوں میں مصروف ہے۔ اس طرح کے واقعات کی تحقیقات کے لئے ایک دوسرے سے تعاون اور مفاہمت ضروری ہوتا ہے۔ ہفتہ واری پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ پاکستان کے ترجمان نفیس زکریا نے کہاکہ پاکستان کا ایقان ہے کہ تمام ممالک کو ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینی چاہئے۔ پاکستان بلاشبہ پٹھان کوٹ جیسے واقعات کی مذمت کرتا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی ہرممکنہ تعاون کا تیقن دیا ہے۔ ہندوستانی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہ اِس حملہ کیلئے پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے، اس طرح کے الزامات تحقیقات کے عمل میں مددگار ثابت نہیں ہوتے۔ پاریکر نے منگل کے دن راجیہ سبھا میں بیان دیا تھا کہ پٹھان کوٹ فضائی پٹی پر دہشت گرد حملہ پاکستان کے غیر سرکاری عناصر نے انجام دیا تھا جو حکومت پاکستان کی سرپرستی میں کام کررہے ہیں۔ اس طرح کے واقعات کی مشترکہ تحقیقات کے لئے ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے یہ ٹیم حالات کا جائزہ لے گی۔ معتمدین خارجہ سطح کے مذاکرات سے متعلق نفیس زکریا نے کہاکہ ہندوستان اور پاکستان اِس سلسلہ میں تواریخ طے کرنے پر غور کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT