Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / پپو یادو کی عوام سے معذرت خواہی

پپو یادو کی عوام سے معذرت خواہی

پٹنہ۔/13نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مادھے پور ایم پی اور جن ادھیکاری پارٹی سربراہ راجیش رنجن عرف پپو یادو نے اپنے اس دعوے پر آج معذرت خواہی کرلی ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات میں اگر آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے دونوں فرزند کامیاب ہوجائیں تو وہ سیاسی سنیاس لے لیں گے۔ انہوں نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر کہا کہ ہاں یہ سچ ہے کہ میں نے بہار انتخابات میں لالو پرساد یادو کے دونوں فرزندوں کی شکست کی پیش قیاسی کی تھی اور بصورت دیگر سیاسی زندگی سے سبکدوش ہوجانے کا اعلان کیا تھا، یقیناً یہ سوجھ بوجھ سے عاری سیاسی دعویٰ تھا۔ پپو یادو نے کہا کہ کسی سیاستداں کے بیٹوں کے خلاف سخت و سُست ریمارکس نہیں کرنا چاہیئے جس کے باعث جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔ لہذا میں آپ تمام سے معافی کا طلبگار ہوں۔ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران انہوں نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ لالو پرساد کے دونوں فرزندان تیج پرتاپ یادو اور تیجسوی یادو کو بالترتیب مہوا اور راگھوپور اسمبلی حلقوں سے شکست ہوجائے گی۔ لیکن دونوں نے بھی شاندار کامیابی حاصل کرلی جبکہ پپو یادو کی پارٹی نے 101 نشستوں پر مقابلہ کیا تھا لیکن ایک بھی نشست پر کامیاب نہیں ہوسکی۔ انہوں نے لالو یادو کی پارٹی میں واپسی سے انکارکردیا جو کہ کبھی آر جے ڈی سے وابستہ تھے۔

TOPPOPULARRECENT