Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / پھانسی پر لٹک جاؤں گا لیکن بی جے پی سے سمجھوتہ نہیںکرؤں گا:لالو

پھانسی پر لٹک جاؤں گا لیکن بی جے پی سے سمجھوتہ نہیںکرؤں گا:لالو

نتیش کمار دغا باز ، مودی اور امیت شاہ کو چیالنج، میگا ریالی سے خطاب ، سیکولر طاقتوں کے اتحاد کا مظاہرہ

پٹنہ ۔ /27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے پٹنہ میں آج ’’بی جے پی بھگاؤ ، دیش بچاؤ‘‘ ریالی منعقد کرتے ہوئے مخالف سیکولر طاقتوں کو سخت پیام دیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کو چیالنج کیا کہ وہ ان کے اور ارکان خاندان کے خلاف کارروائی کریں ۔ لالو نے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ کی بجائے وہ پھانسی کو ترجیح دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جیسی فرقہ پرست اور فسطائی طاقتوں کے آگے وہ گھٹنے ٹیکنے والے نہیں ۔ آئندہ عام انتخابات میں انہیں شکست دینے تک اپنی لڑائی جاری رکھیں گے ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر عظیم تر اتحاد کے حق میں سنائے گئے عوامی فیصلے سے دغا بازی کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنتادل (یو) لیڈر کا کوئی اصول یا نظریہ نہیں ہے انہیں صرف اقتدار سے لگاؤ ہے ۔ نتیش کمار نے سابق ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو کے خلاف کرپشن کے الزامات پر عظیم تر اتحاد سے علحدگی اختیار کرتے ہوئے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملالیا ہے ۔

لالو پرساد نے کہا کہ نتیش کمار دراصل ان کے بیٹے تیجسوی کی سیاسی مقبولیت سے خوفزدہ تھے اور وہ ان سے حسد کررہے تھے ۔ لالو پرساد نے کہا کہ نتیش کمار کی سیاسی دغا بازی سے وہ واقف ہیں ۔ اسی لئے عظیم تر اتحاد کی حکومت تشکیل دیتے وقت وہ انہیں چیف منسٹر امیدوار کے طور پر پیش کرنے کیلئے تیار نہیں تھے ۔ لالو پرساد نے مرکزی حکومت پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی کے بیجا استعمال کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایجنسیاں ان کے اور افراد خاندان جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے بدنام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں لالو راج واپس آئے گا ۔ وہ آئندہ حکومت تشکیل دیں گے اور ان امیدواروں کو بھی شامل کیا جائے گا جو ساتویں جماعت کامیاب ہیں ۔ میگا ریالی سے ترنمول کانگریس صدر اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ، سابق چیف منسٹر اترپردیش و سماج وادی پارٹی لیڈر اکھلیش یادو ، سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے بھی مخاطب کیا ۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی لیڈر طارق انور آر ایل ڈی کے چودھری جین سنگھ ، سی پی آئی کے سدھاکر ریڈی اور آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ لیڈر بدرالدین اجمل کے علاوہ ڈی ایم کے ، جنتادل ۔ سیکولر اور ریولشنری سوشلسٹ پارٹی کے قائدین بھی شریک تھے ۔
بہار کے بیشتر علاقوں میں سیلاب کے باوجود لاکھوں افراد نے ریالی میں شرکت کی اور جلسہ گاہ میں انسانی سروں کا سمندر دکھائی دے رہا تھا ۔ جنتادل (یو) لیڈر شردیادو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار پر شدید تنقید کی ۔ لالو پرسادکے فرزند اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو نے بھی خطاب کیا ۔ اپوزیشن جماعتوں کے کئی قائدین اس ریالی میں شریک تھے لیکن کانگریس صدر سونیا گاندھی ان کے فرزند راہول گاندھی اور بی ایس پی سربراہ مایاوتی کی کمی محسوس ہورہی تھی ۔لالو پرساد کے علاوہ دیگر قائدین نے دعویٰ کیا کہ 2019 ء لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی شکست کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT