Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / پہاڑی شریف میں آئندہ ماہ تبلیغی جماعت کا اجتماع

پہاڑی شریف میں آئندہ ماہ تبلیغی جماعت کا اجتماع

انتظامات کا جائزہ ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا عہدیداروں کیساتھ دورہ
حیدرآباد ۔28 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے 21 تا 23 نومبر کو پہاڑی شریف کے دامن میں منعقد ہونے والے تین روزہ تبلیغی اجتماع کی تیاریوں کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ پہونچکر جائزہ لیا اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کرنے کا اعلان کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ تشکیل حکومت کے بعد علحدہ تلنگانہ میں مسلمانوں کا بہت بڑا اجتماع منعقد ہورہا ہے جس کا ٹی آر ایس حکومت خیرمقدم کرتی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے تبلیغی اجتماع کو کامیاب بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ وہ آج تبلیغی جماعت کے ذمہ داروں کے علاوہ کلکٹر ضلع رنگاریڈی ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ، پولیس ، فائیر ڈپارٹمنٹ ، واٹرورکس کے علاوہ دوسرے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ شاہین نگر پہونچکر اجتماع گاہ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کاجائزہ لے چکے ہیں ۔ پانی ، برقی ، صفائی کے علاوہ دوسری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے عاجلانہ اقدامات کرنے کی ہدایت دے چکے ہیں ۔ اس تین روزہ اجتماع میں لاکھوں مسلمان شریک ہوں گے اور علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد مسلمانوں کا پہلا بڑا اجتماع منعقد ہورہا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ سرزمین تلنگانہ پر عبادت اور دعاؤں سے ریاست ترقی اور خوشحالی سے سرشار ہوگی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ 21 نومبر سے قبل تمام انتظامات کو مکمل کرنے کیلئے کلکٹر ضلع رنگاریڈی مسٹر ایم رگھونندن راؤ کو ذمہ دار سونپی گئی ہے ۔ وہ تبلیغی جماعت کے ذمہ داروں کے ساتھ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے رابطہ اور تال میل برقرار رکھتے ہوئے مقرہ وقت سے قبل انتظامات کو یقینی بنائیں گے اور انھیں وقفہ وقفہ سے رپورٹ بھی پیش کریں گے ۔ ضلع کلکٹر رنگاریڈی نے ڈپٹی چیف منسٹر کو یقین دلایا کہ وہ مقرر وقت سے قبل تمام انتظامات اپنی نگرانی میں مکمل کروائیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT