Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / پہاڑی میر محمود کی وقف اراضی پر لینڈ گرابرس کی دوبارہ کارروائی روکنے پولیس میں شکایت

پہاڑی میر محمود کی وقف اراضی پر لینڈ گرابرس کی دوبارہ کارروائی روکنے پولیس میں شکایت

انہدامی کارروائی کو روکنے غیر سماجی عناصر کی مداخلت ، صدر نشین وقف بورڈ کی پولیس کو بندوبست کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست (سیاست نیوز) پہاڑی میر محمود عطا پور کی اوقافی اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں وقف بورڈ کی کامیاب مساعی کے بعد لینڈ گرابرس کی جانب سے دوبارہ کسی بھی کارروائی کو روکنے کیلئے پولیس راجندر نگر میں شکایت درج کی گئی ہے۔ تلنگانہ وقف ٹریبونل کی جانب سے وقف بورڈ کے حق میں فیصلہ کے بعد پولیس کی اعانت سے کل رات غیر مجاز تعمیرات کو برخواست کردیا گیا تھا۔ انہدامی کارروائی کو روکنے کیلئے بعض غیر سماجی عناصر اور ان کے حامیوں نے مداخلت کی کوشش کی ۔ تاہم پولیس کی موجودگی کے سبب وہ کارروائی روکنے میں ناکام رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لینڈ مافیا سے وابستہ ایک شخص نے انہدامی کارروائی کیلئے لائے گئے جے سی بی مشین کے ڈرائیور کو دھمکی دی اور اسے واپس جانے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے جبراً جے سی بی مشین کو دور دراز کے مقام پر چھوڑ دیا۔ اس کی اطلاع ملنے پر وقف بورڈ کے عہدیداروں نے پولیس راجندر نگر میں سرکاری کام کاج میں رکاوٹ پیدا کرنے کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کیا ہے ۔ انہدامی کارروائی کے بعد آج اراضی پر جوں کا توں موقف برقرار رہا اور قابضین میں دوبارہ تعمیرات کی کوئی ہمت نہیں کی۔ واضح رہے کہ میر محمود پہاڑی کی 16 ایکر اراضی پر گزشتہ 10 دن سے غیر مجاز تعمیرات کا سلسلہ جاری تھا اور عارضی شیڈ تعمیر کیا گیا تھا ۔ درگاہ کے راستہ پر یہ تعمیرات کی گئی اور پولیس کے عدم تعاون کے باعث ابتداء میں وقف بورڈ کے حکام کوئی کارروائی نہیں کرسکے۔ اسی دوران صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے پولیس اور بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکسی برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اس اراضی پر وقف بورڈ کی جانب سے سائن بورڈ آویزاں کیا جائے گا۔

 

مانو آئی ٹی آئی میں داخلوں کیلئے
11اگست کو کونسلنگ
حیدرآباد، 2 ؍ اگست (پریس نوٹ) انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی)، مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2017-18 میں داخلوں کے لیے تیسرے مرحلے کی کونسلنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر عرشیہ اعظم، پرنسپل، نے بتایا کہ کونسلنگ کا اہتمام 11؍ اگست کو صبح 9 بجے سے آئی ٹی آئی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کیمپس، گچی بائولی، حیدرآباد میں کیا جائے گا۔داخلوں کے لیے درخواست فارم دفتر آئی ٹی آئی، یونیورسٹی کیمپس یا ویب سائٹ www.manuu.ac.in سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 7؍ اگست مقرر کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT