Monday , May 29 2017
Home / کھیل کی خبریں / پہلے ہاکی ایوارڈس کیلئے تیاریاں مکمل ، ہندوستان کو دو ایوارڈس کی اُمید

پہلے ہاکی ایوارڈس کیلئے تیاریاں مکمل ، ہندوستان کو دو ایوارڈس کی اُمید

کپتان سرجیش اور اُبھرتے کھلاڑی ہرمن پریت ایوارڈ کی دوڑ میں آگے

چندی گڑھ ۔ 21 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن ( ایف آئی ایچ ) کے پہلے سالانہ ہاکی ایوارڈ کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اور یہ 23 فبروری کو یہاں منعقد ہوگی جس میں بہترین کھلاڑی ، گول کیپرس ، اُبھرتے کھلاڑیوں ، کوچس اور ایمپائروں کو اعزاز سے نوازا جائے گا ۔ ہاکی انڈیا کے اشتراک کے ساتھ منعقد ہونے والی یہ تقریب ہاکی کے لئے اپنی نوعیت کی پہلی تقریب ہوگی جس میں 2016 ء میں شاندار مظاہرے کرنے والے ہاکی کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا ۔ ایوارڈس کی یہ تقریب اپنی نوعیت کی پہلی اور اہم تقریب ہوگی جس میں ہندوستان کو کم سے کم دو ایوارڈس ملنے کی اُمید ہے ، کیونکہ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان پی آر سری جیش اور تیزی سے اُبھرتے کھلاڑی ہرمن پریت سنگھ کو دو مختلف زمروں میں نامزد کیا گیا ہے ۔ متاثرکن مظاہرے کرنے والے ہندوستانی ہاکی کپتان پی آر سری جیش کو ایف آئی ایچ کے سال کے بہترین گول کیپر کے زمرے میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ 18 سالہ ڈراگ فلیکر کو اُبھرتے کھلاڑی کے زمرے میں ایوارڈ ملنے کی اُمید ہے ۔ کپتان سری جیش نے اپنی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو ایشین چمیپئن ٹرافی کا خطاب دلوانے کے علاوہ گزشتہ برس چمپیئن ٹرافی میں قومی ٹیم کو سلور میڈل دلوایا ہے ۔ دوسری جانب 18 سالہ ڈراگ فلیکر ہرمن پریت نے گزشتہ برس لکھنو میں منعقدہ جونیر ورلڈ کپ میں ٹیم کو چمپیئن بنوانے میں کلیدی مظاہرے کئے ہیں۔ دریں اثناء ایف آئی ایچ ہاکی اسٹارس ایوارڈ عالمی سطح پر مختلف ایونٹس میں شاندار مظاہرے کرنے والے کھلاڑیوں کو دیئے جائیں گے لیکن یہ اپنی نوعیت کے پہلے ایوارڈس ہیں اس لئے اس تقریب کو سنگ میل کی حیثیت حاصل ہورہی ہے ۔ ایف آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ بیان میں اس تقریب کے متعلق کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران جن کھلاڑیوں نے مختلف ایونٹس میں شاندار مظاہرے کئے ہیں وہ آسانی کے ساتھ نامزدگی کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں اور اُمید ہے کہ شاندار محنتوں کا انھیں اس تقریب میں ایوارڈ کی شکل میں صلہ بھی ملے گا ۔ اس تقریب کو ایف آئی ایچ کے یو ٹیوب چینل پر راست نشر کیا جائے گا ۔ ایف آئی ایچ کے صدر نریندر بترا نے کہا کہ یہ ایوارڈ تقریب ہاکی کی عالمی سطح پر بڑھتی مقبولیت کی ایک شاندار مثال ہوگی ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT