Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / پیاز کی قیمتوں پر عوام خوفزدہ نہ ہوں : ہریش راؤ

پیاز کی قیمتوں پر عوام خوفزدہ نہ ہوں : ہریش راؤ

حیدرآباد 23 اگسٹ ( این ایس ایس ) وزیر مارکٹنگ ٹی ہریش راؤ نے آج عوام سے اپیل کی کہ وہ پیاز کے تعلق سے گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں ۔ کھلی مارکٹ میں پیاز کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بازار میں پیاز کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے باوجود ریاستی حکومت کی جانب سے عوام کو رعایتی قیمت پر پیاز فروخت کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پیاز کا وافر ذخیرہ حاصل کرلیا ہے جس سے ریاستی عوام کی ضروریات کی تکمیل ہوسکتی ہے ۔ وہ ان اطلاعات پر رد عمل کا اظہار کر رہے تھے کہ عوام میں پیاز کی قیمتوں کے تعلق سے پریشانی اور تشویش پیدا ہوگئی ہے اور ریاستی حکومت پیاز کی قیمتوں کو قابو میں کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیاز کے تعلق سے پریشان یا تشویش کا شکار ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں پیاز ی فروخت کے مراکز قائم کرکے حکومت رعایتی قیمت پر عوام کو پیاز فراہم کرنے ہر ممکنہ اقدامات کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رعیتو بازاروں میں بھی پیاز فروخت کے اقدامات کرچکی ہے ۔ اس مقصد کیلئے 89 مراکز قائم کئے ہیں اور یہاں پیاز کی قلت نہ ہونے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ان مراکز سے 7.5 لاکھ خاندانوں نے 15 لاکھ کیلو پیاز 20 روپئے فی کیلو قیمت پر حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رعایتی قیمت والی پیاز کی سربراہی سے خزانہ پر 4.5 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہو رہا ہے ۔ سیاست نیوز کے بموجب ہریش راؤ نے آج پیاز کی فراہمی کی صورتحال پر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔

TOPPOPULARRECENT