Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / پیرس حملہ انسانیت کے خلاف گھناونی حرکت

پیرس حملہ انسانیت کے خلاف گھناونی حرکت

امن پسند فرانس کے عوام کے ساتھ نجمہ ہپت اللہ کا اظہاریگانگت
نئی دہلی ۔ 17نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے آج نئی دہلی میں واقع فرانس کے سفارتخانہ پہنچ کر پیرس میں دہشت گرد حملوں میں ہلاک افراد کے ساتھ اظہاریگانگت کیا اور کہا کہ یہ دہشت گرد حملہ انسانیت کے خلاف گھناونی کارروائی ہے۔ نجمہ ہپت اللہ نے مائیکرو بلاگنگ سائیٹ ٹوئیٹر پر تبصرہ لکھتے ہوئے کہا کہ میں نے فرانس کے سفارتخانہ پہنچ کر فرانس کے عوام کے ساتھ اظہاریگانگت کیا اور مہلوکین کے لواحقین کو تعزیت پیش کی۔ ہپت اللہ نے اپنے تعزیتی پیام کے امیجس بھی لوڈ کئے ہیں۔ اس میں انہوں نے لکھا ہیکہ مجھے اس واقعہ پر انتہائی صدمہ ہوا ۔ یہ امن پسند فرانس کے عوام کے ساتھ گھناونا جرم ہے۔ مٹھی بھر لوگ جو خود کو مسلمان کہتے ہیں، ان کی حرکتیں دیکھ کر مجھے شرم آتی ہے۔ خدا انہیں ہرگز معاف نہیں کرے گا جو لوگ اس طرح کے سنگین جرائم میں ملوث ہیں انہیں خدا سزاء دے گا۔ میں حکومت فرانس اور عوام سے دلی ہمدردی رکھتی ہوں اور دکھ کے ساتھ یہ پیام روانہ کررہی ہوں۔ جمعہ کی شب پیرس میں ہوئے سلسلہ وار دھماکوں میں 129افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 352 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ فرانس کی سرزمین پر اب تک ہوئے حملوں میں سب سے بدترین حملہ تھا۔ اسلامک اسٹیٹ گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT