Friday , September 22 2017
Home / Top Stories / پیشہ طب میں خدمت کا جذبہ ختم ہونا افسوسناک ‘ صدر جمہوریہ

پیشہ طب میں خدمت کا جذبہ ختم ہونا افسوسناک ‘ صدر جمہوریہ

مریضوں کے رشتہ داروں کے ڈاکٹرس پر حملے بھی ناقابل قبول ۔ پرنب مکرجی کا خطاب
کولکتہ 18 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے ‘ مریضوں کے برہم رشتہ داروں کی جانب سے ڈاکٹرس پر حملے اور دواخانوں میں توڑ پھوڑ کے واقعات کو ناقابل قبول قررا دیا ہے اور کہا کہ مریضوں کے رشتہ داروں کی بھی بہتر نگہداشت صحت سسٹم کے تئیں کچھ ذمہ داری ہوتی ہے ۔ انہوں نے تاہم اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ پیشہ طب میں خدمت کا نظریہ کہیں پس منظر میں چلا گیا ہے ۔ انہوں نے میڈیکل شعبہ سے تعلق رکھنے والوں سے کہا کہ وہ اس میں انسانیت کے جذبہ کو شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسکراتا ہوا چہرہ ہزاروں زندگیوں کا علاج کرسکتا ہے ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ ڈائجیسٹیو سائینسیس کے افتتاح سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس کا قیام مغربی بنگال لیور فاونڈیشن نے عمل میں لایا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ مریضوں کے رشتہ داروں کی بھی نگہداشت صحت نظام کے تعلق سے ذمہ داریاں ہیں ۔ دواخانوں میں توڑ پھوڑ اور ڈاکٹرس کو مار پیٹ قابل قبول نہںے ہوسکتے ۔ ان کے ان ریمارکس کو اہمیت حاصل ہے کیونکہ ماہ مارچ میں مہاراشٹرا میں بلدی حکام کی جانب سے چلائے جانے والے دواخانوں میں ڈاکٹرس کی ہڑتال سے خدمات متاثر ہوئی تھیں۔ یہ ڈاکٹرس محتلف مقامات پر مریضوں کے رشتہ داروں کی جانب سے حملوں کے واقعات کے خلاف احتجاج کر رہے تھے ۔ صدر جمہوریہ نے کولکتہ میں خانگی دواخانوں میں بھاری رقومات وصولنے کے خلاف چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کی کوششوں کی ستائش کی ۔ ممتابنرجی بھی تقریب میں شریک تھیں۔ ماہ فبروری میں ممتابنرجی نے بڑے خانگی دواخانوں کے نمائندوں اور سربراہوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے کہا تھا کہ وہ صرف نفع کمارنے پر توجہ دیتے ہوئے غریبوں کو نظر انداز نہ کریں۔ ایک ماہ بعد مغربی بنگال حکومت کی جانب سے دواخانوں کے امور میں شفافیت لانے ایک بل منظور کیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں مریضوں کو ہراسانی کا سلسلہ بھی بند ہوسکتا ہے ۔ آج صدر جمہوریہ نے جس دواخانہ کا افتتاح انجام دیا وہ 100 بستروں والا ہے ۔ امراض شکم سے متعلق یہ شمالی ہندوستان میں واحد اور پہلا ادارہ قائم ہوا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس طرح کے دو دواخانے دہلی اور حیدرآباد میں پہلے سے کام کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ائرپورٹ پر صدر جمہوریہ کا ریاستی وزیر پونیندو باسو ‘ چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس نے خیر مقدم کیا ۔ ممتابنرجی دہلی میں تھیں اور وہ صدر جمہوریہ کے ساتھ ہی کولکتہ آئیں۔ پرنب مکرجی مغربی بنگال کے دو روزہ دورہ پر ہیں اور وہ کل ایک میڈیکل ایوارڈ تقریب میں بھی شرکت کرینگے ۔

TOPPOPULARRECENT