Monday , August 21 2017
Home / عرب دنیا / پی آئی اے کو خانگیانے کا بل پارلیمنٹ میں پیش

پی آئی اے کو خانگیانے کا بل پارلیمنٹ میں پیش

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے پارلیمنٹ  کے دونوں ایوانوں کا ایک مشترکہ اجلاس طلب کیا تاکہ کچھ انتہائی اہم بلوں کو جن میں ملک کی خسارہ سے دو چار قومی ایئرلائنز پی آئی اے کو خانگیانا بھی شامل ہے، پیش کیا جائے۔ یاد رہے کہ خسارہ سے دوچار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے ملازمین نے گذشتہ ماہ تقریباً ایک ہفتہ تک ایئرلائنز کو خانگیانے کی کوشش کے خلاف ہڑتال کردی تھی۔ 26 جنوری کو احتجاج کا آغاز کیا گیا تھا تاہم کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایرپورٹ کے باہر سیکوریٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپ اور فائرنگ میں ایرلائنز کے دو ملازمین کی ہلاکت کے بعد احتجاج تشدد کا رخ اختیار کرگیا تھا۔ بل کے ذریعہ ایئرلائنز کو ایل پبلک لمیٹیڈ کمپنی میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے۔ جنوری میں قومی اسمبلی نے بل کو پہلے ہی منظور کرلیا تھا۔ تاہم اپوزیشن کی کنٹرول والی سینیٹ نے اسے مسترد کردیا تھا۔ ایئرلائنز کو خانگیانے کے خلاف احتجاج خونریز ہوگیا تھا جہاں پولیس اور ملازمین کی ٹریڈ یونینوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی تھیں کیونکہ ملازمین ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ ایئرلائنز کو خانگیانے کی کوشش کی جائے۔ حکومت کا یہ منصوبہ ہے کہ پی آئی اے کو دو حصوں میں تقسیم کردیا جائے اور اس کے کاروبار کا کنٹرول ایک گلوبل ایئرلائنز کے حوالے کیا جائے۔ پی آئی اے عرصہ دراز سے خسارہ میں چلائی جارہی ہے اور حکومت کا یہ کہنا ہیکہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ایک منفعت بخش کمپنی میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے انتظامی امور میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ایوان بالا سینیٹ اور ایوان زیریں قومی اسمبلی مشترکہ طور پر اجلاس منعقد کرے گی۔ ایجنڈہ کے مطابق سات بلوں کو پیش کیا جائے گا جن میں سب سے ایم پی آئی اے مجوزہ طور پر خانگیانے کا بل بھی شامل ہے جبکہ دیگر بلس میں انسداد عصمت ریزی (فوجداری قانونی ترمیمی بل، انسداد عزت و ناموس کیلئے قتل (فوجداری قانونی ترمیم) بل اور پرائیویٹائزیشن کمیشن (دوسری ترمیم) بل قابل ذکر ہیں۔

TOPPOPULARRECENT