Tuesday , October 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی ایس ایل فکسنگ‘ برطانیہ میں 2 افراد گرفتار

پی ایس ایل فکسنگ‘ برطانیہ میں 2 افراد گرفتار

لندن ۔15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) میں انسداد کرپشن قواعد کی خلاف ورزی پر کھلاڑیوں کی معطلی کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے برطانیہ میں شک کی بنیاد پر دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔میڈیاکے مطابق لندن کی نیشنل کرائم ایجنسی نے گرفتار افراد کے نام ظاہر کئے بغیر کہا ہے کہ ‘بین الاقوامی سطح پر کرکٹ میچ کی فکسنگ کے حوالے سے جاری تحقیقات کے طور’ دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں افراد کو اپریل میں اگلی سماعت تک پولیس کی ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گرفتاری کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل میں کرپشن میں ملوث ہونے کے شبہ میں تحقیقات کے لئے تین کھلاڑیوں شرجیل خان، خالد لطیف اور ناصر جمشید کو کرکٹ سے عبوری طور پر معطل کردیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں گرفتار ہونے والے افراد میں گزشتہ روز کرکٹ سے معطل ہونے والے اوپنر ناصر جمشید اور یوسف نامی سٹہ باز شامل ہیں۔نیشنل کرائم ایجنسی کے بموجب حالیہ تحقیقات کے سلسلے میں ہم پی سی بی اور آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے ساتھ مل کرکام کررہے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے اپنے طورپر تفتیش شروع کر رکھی ہے جس کے نتیجہ میں تین کھلاڑیوں کو معطل کیا گیاہے۔خیال رہے کہ پی سی بی نے انگلینڈ میں مقیم ناصر جمشید کو انسداد کرپشن کے قواعد کی خلاف ورزی پر کرکٹ سے عبوری طور پرمعطل کردیا تھا لیکن وہ پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے اطلاع ملی  ہے کہ ناصر جمشید کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور نیشنل کرائم ایجنسی نے آزادانہ طور پر کارروائی کی۔ ہم ناصر جمشید کو پہلے ہی معطل کر چکے ہیں اور شواہد سامنے آئے تو ان کے خلاف مزید کارروائی کریں گے۔ پی ایس ایل سے معطل ہونے والے دوکھلاڑیوں میں دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف شامل ہیں۔پی سی بی واضح کرچکا ہے کہ اس سلسلے میں کراچی کنگز کے شازیب حسن اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذوالفقار بابر سے بھی پوچھ گچھ کی گئی اور انھیں کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

 

ابوبکر بن عبداللہ کو کیسری چمپیئن شپ
حیدرآباد ۔ 15 فبروری (راست) سماج ویلفیر اسوسی ایشن کے زیراہتمام بارکس گراونڈ پر منعقدہ کشتی کے مقابلوں میں ابوبکر بن عبداللہ بامعس فرزند جناب عبداللہ بن محمد بامعس کو حیدرآباد کمار کیسری چمپیئن شپ حاصل ہوئی۔ محمد سلطان کو ٹائیٹل گولڈ میں تیسرا اور عبدالکلام پہلوان کو کمار کیسری میں تیسرا مقام حاصل ہوا۔

TOPPOPULARRECENT