Sunday , October 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی ایس ایل : ڈین جونز اسلام آباد ٹیم کے ہیڈ کوچ

پی ایس ایل : ڈین جونز اسلام آباد ٹیم کے ہیڈ کوچ

اسلام آباد ، 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز کرکٹر ڈین جونز پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹیڈ کے ہیڈ کوچ بن گئے۔ 54 سالہ جونز نے دوشنبہ کو اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو کے ذریعے اسلام آباد ٹیم سے جڑنے کا اعلان کیا۔ جونز کے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور 2010ء میں وہ غیر ملکی مشیر کی ملازمت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ بات چیت بھی کر چکے ہیں۔ 52ٹسٹ اور 164 ونڈے میچز کھیلنے والے جونز کرکٹ کے حوالے سے بہترین دماغ رکھنے والوں میں شمار ہوتے ہیں۔ فروری میں شارجہ اور دبئی میں کھیلی جانے والی لیگ میں پانچ ٹیموں کے ہیڈ کوچز کیلئے 31 مضبوط امیدوار سامنے آ چکے ہیں۔ سوپر لیگ میں ہیڈ کوچز کی تنخواہیں 45,000 سے 60,000 امریکی ڈالرز فی سیزن مقرر کی گئی ہے۔ اتوار کو پشاور ٹیم کے مالک جاوید آفریدی نے سوپر لیگ کے پہلے سیزن کیلئے اسٹارز پر مبنی کوچنگ پیانل کا اعلان کیا تھا۔ انگلینڈ کے سابق ہیڈ کوچ اینڈی فلاور، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سابق ہیڈ کوچ محمد اکرم، دو مرتبہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل کی فاتح پشاور ٹیم کے کوچ عبدالرحمن اور پاکستان ٹیم کے ٹرینر گرانٹ لڈن ’پشاور زلمے‘ کے کوچنگ عملے میں شامل ہیں۔ دو دن قبل کراچی ٹیم کے مالک سلمان اقبال نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے سابق کوچ مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ اور سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو اُن کا نائب بنانے کا اعلان کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT