Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی ایس ایل کو بدعنوانیوں سے پاک رکھنے سخت اقدامات

پی ایس ایل کو بدعنوانیوں سے پاک رکھنے سخت اقدامات

دبئی۔11 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کے بعد پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل دیگر کھلاڑی بھی شکوک و شبہات کی زد میں آگئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کے ٹوئٹر پیغام کے مطابق پی ایس ایل کے اینٹی کرپشن کوڈ کی مبینہ خلاف ورزی کے حوالے سے دیگر کھلاڑیوں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔نجم سیٹھی کے مطابق جن کھلاڑیوں سے تفتیش کی گئی، ان میں محمد عرفان، شاہ زیب حسن اور ذوالفقار بابر شامل ہیں تاہم انھیں معطل نہیں کیا گیا اور وہ پی ایس ایل میں کھیل جاری رکھیں گے۔نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ تحقیقات جاری رہے گی اور اینٹی کرپشن یونٹ پی ایس ایل کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے اپنا کام کرتا رہے گا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو اینٹی کرپشن کوڈ کی مبینہ خلاف ورزی کی تحقیقات کے لئے عبوری طور پر معطل کرکے ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔معطلی کے بعد جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ پی سی بی نے پاکستان سوپر لیگ کو کرپشن سے پاک رکھنے اور کرکٹ کے کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا، جبکہ تحقیقات میں انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی بورڈ کو تعاون فراہم کر رہا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے افیشل میڈیا پارٹنر ‘دنیا نیوز’ کے مطابق معطل کئے گئے کھلاڑیوں کو 2 گیندیں نہ کھیلنے کے لیے 20 لاکھ روپے سے زائد کی پیشکش کی گئی تھی۔یاد رہے کہ پاکستان سوپر لیگ کے دوسرے ایونٹ کا آغاز 10 فروری کو دبئی میں ہوا۔

TOPPOPULARRECENT