Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / پی سی بی کا وسیم اکرم کو فائلیں دوبارہ کھولنے کا انتباہ

پی سی بی کا وسیم اکرم کو فائلیں دوبارہ کھولنے کا انتباہ

اسلام آباد ، 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کی انکوائری کمیٹی کے سربراہ شکیل شیخ نے وسیم اکرم کی حالیہ پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سابق فاسٹ بولر کو دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے پہلے اپنے کریئر کو دیکھنا چاہئے، جس کے دوران اُن پر متعدد الزامات لگائے گئے۔ اکرم نے ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے پر تشکیل شدہ انکوائری کمیٹی اور شکیل شیخ کا اس کے سربراہ بننے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اکرم نے کہا تھا کہ کمیٹی بنانے کا فائدہ کیا ہے، یہ دو دن میں کھلاڑیوں کو کیا بتائے گی، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی قریب ہے اور ایسے میں کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کے بجائے اُن کا حوصلہ گھٹایا جا رہا ہے۔ میڈیا کی رپورٹ میں شکیل نے کہا : ’’وسیم کے ماضی سے ہر کوئی واقف ہے، انہیں کسی پر بھی تنقید کرنے سے قبل سوچنا چاہئے کہ ان کا ماضی پرانی فائلوں میں موجود ہے جنہیں بورڈ دوبارہ کھول سکتا ہے‘‘۔ میچ فکسنگ کے حوالے سے جسٹس قیوم کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے شکیل نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں سٹے بازی وسیم اکرم نے متعارف کروائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وسیم انکوائری کمیٹی کے اس لئے مخالف ہیں کیوں کہ انہیں خدشہ ہے کہ اس کی رپورٹ میں ان کے خلاف کچھ سامنے نہ آجائے۔ اکرم فوری ردعمل کیلئے دستیاب نہ  ہوئے۔ شکیل نے کہا کہ وہ کلب لیول کی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور اسے اچھے انداز میں سمجھتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT