Friday , June 23 2017
Home / Top Stories / پی وی سندھو نے چائنا اوپن سوپر سیریز خطاب جیتا

پی وی سندھو نے چائنا اوپن سوپر سیریز خطاب جیتا

فائنل میںچین کی سون یو کو شکست دے دی ۔ ہندوستانی اسٹار کو کیرئیر کا پہلا سوپر سیریز پریمئیر خطاب
فوزہاؤ 20 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اولمپک سلور میڈلسٹ پی وی سنگھو نے اپنے کیرئیر کا پہلا سوپر سیریز پریمئیر خطاب جیت لیا ہے ۔ انہوں نے چین کی سون یو کو چائنا اوپن بیڈمینٹن ٹورنمنٹ کے فائنل میں شکست دیدی ۔ اس ٹورنمنٹ میں جملہ انعامی رقم 700,000 ڈالرس کی تھی ۔ سندھو نے ریو اولمپکس میں سلور میڈل جیت کر سارے ملک میں مقبولیت حاصل کی تھی ۔ اب انہوں نے اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور انہوں نے سون یو کو 21-11, 17-21, 21 -11 سے شکست دے کر یہ باوقار خطاب جیت لیا ہے ۔ خطابی مقابلہ ایک گھنٹہ اور نو منٹ کا رہا ۔ عالمی سطح پر 11 واں رینک رکھنے والی پی وی سندھو سون یو کے خلاف 2 – 3 ریکارڈ رکھنے کے ساتھ مقابلہ کا آغاز کیا تھا لیکن جب انہوں نے میدان پر اپنے کھیل کا مظاہرہ کیا تو سابقہ اعداد و شمار اور ریکارڈ دھرے کے دھرے رہ گئے اور انہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کرلی ۔ یہ مقابلہ ہائیکسیا اولمپک اسپورٹس سنٹر میں منعقد ہوا تھا ۔ سندھو نے ابتداء سے جارحانہ رویہ اختیار کیا تھا اور انہوں نے پہلے ہی گیم میں 11 – 5 کی سبقت حاصل کرلی ۔ تیز رفتار کھیل کے ذریعہ اپنی مخالف چینی کھلاڑی کو سنبھلنے کا موقع دئے بغیر اپنے کھیل کو آگے بڑھایا اور پئے در پئے حملے کرتے ہوئے اپنی سبقت میں مزید اضافہ کرلیا ۔

سندھو نے پہلے ہی گیم میں مسلسل 12 گیم پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے اپنے اسکور کو 20-8 تک پہونچا لیا تھا ۔ اس کے بعد دو تین بہترین فورہینڈ اور بیاک ہینڈ اور ایک موقع پر سندھو کے شاٹ کے نیٹ سے ٹکرا جانے کے نتیجہ میں سون یو نے تین میچ پوائنٹس بچانے میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد سندھو نے ایک بہترین ریلی کے ذریعہ پوائنٹس اسکور کرتے ہوئے یہ گیم اپنے نام کرلیا ۔ دوسرے گیم میں حالانکہ ابتداء میںسندھو نے سبقت حاصل کرلی تھی ۔ وہ ایک موقع پر 6 – 3 سے آگے تھیں۔ ایک موقع پر اسکور 11 – 7 اور پھر ایک موقع پر 14 – 10 رہا تھا ۔ سون یون نے تاہم اس میں بہترین مزاحمت کرتے ہوئے اپنا روایتی انداز اختیار کیا اور اپنے اسٹروکس اور انداز میں تبدیلی کرتے ہوئے تیزی پیدا کی ۔ انہوں نے کچھ طاقتور شاٹس لگائے جو سندھو کو سنبھلنے کا موقع نہیں دے رہے تھے ۔ انہوں نے ایک موقع پر اسکور 14-14 کرلیا تھا ۔ اسی گیم میں اپنے کھیل میں مزید بہتری پیدا کرتے ہوئے سون نے اپنے اسکور کو 18-16 اور پھر 19-16 تک بڑھا لیا تھا ۔ ایک موقع پر سندھو ایک فیصلہ پر اپیل کیلئے آگے آئیں لیکن وہ ناکام رہیں اور اسکور 20-16 ہوگیا تھا ۔ سون اس موقع پر ایک اسٹروک کو نیٹ پر گراگئیں جس کی وجہ سے سندھو کو سنبھلننے کا موقع ملا

لیکن وہ ناکام رہیں اور سون نے یہ سیٹ 21 – 17 سے جیت لیا تھا ۔ تیسرے گیم میں تاہم سندھو کورٹ کی اپنی پسندیدہ سمت آگئیں اور یہاں ایک بار پھر انہوں نے بہترین شاٹس لگائے ۔ جارحانہ تیور اختیار کئے اور بڑی پھرتی کے ساتھ اسٹروکس لگانے لگیں۔ حالانکہ سون یو ایک موقع پر اسکور کو 6 – 6 سے مساوی کرنے میں کامیاب ہوگئیں اور ایسا لگ رہا تھا کہ ان کی مزاحمت سے سندھو کو مشکلات پیش آئیں گی لیکن سندھو یہاں سے جو سبقت حاصل کرنے لگیں تو پھر انہوں نے پہیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور سون یو کو سنبھلنے کا موقع دئے بغیر پئے در پئے حملے کرتی گئیں۔ ان کے شاندار اسٹروکس ‘ جارحانہ تیور اور پھرتی کے سامنے سون یو کی پیش نہ گئی اور انہیں اس گیم میں پوری کوشش اور مزاحمت کے باوجود 11 – 21 سے شکست ہوگئی اور سندھو نے یہ گیم جیت کر یہ باوقار خطاب اپنے نام کرلیا ۔ اپنے کیرئیر میںسندھو نے پہلی مرتبہ سوپر سیریز پریمئیر خطاب جیتا ہے ۔ اس سے قبل سائنا نیہوال نے 2014 میں چائنا اوپن جیتا تھا جبکہ گذشتہ سال وہ رنر اپ رہی تھیں۔ سندھو اپنے کیرئے میں پہلی مرتبہ سوپر سیریز کے فائنل میں گذشتہ سال ڈنمارک میں پہونچی تھیں لیکن وہ اس وقت خطاب جیتنے میں ناکام رہی تھیں۔ انہیں 2012 کی اولمپک چمپئن شین کی لی ژئیوریا کے خلاف شکست ہوگئی تھی ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT