Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / چارمینار سے ریالی نکالنے کانگریس قائدین کی کوشش ناکام

چارمینار سے ریالی نکالنے کانگریس قائدین کی کوشش ناکام

پولیس نے اجازت نہیں دی ، انجن کمار یادو ، ڈی ناگیندر گرفتار
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائدین ڈی ناگیندر اور انجن کمار یادو کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین کو پولیس نے چارمینار سے ریالی منظم کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ پولیس اور کانگریس قائدین کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی اور پولیس نے انہیں گرفتار کرتے ہوئے کنچن باغ پولیس اسٹیشن روانہ کیا اور بعد میں رہا کردیا ۔ کانگریس کے بشمول اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے 10 اکٹوبر کو منظم کیے جانے والے تلنگانہ بند کو کامیاب بنانے کے لیے صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر ایم انجن کمار یادو سابق فلور لیڈر بلدیہ مسٹر ایس محمد واجد حسین کے علاوہ دوسرے قائدین نے آج چارمینار سے سکندرآباد تک ریالی منظم کرنے کی کوشش کی ۔ قبل ازیں اجازت نہ لینے کا دعویٰ کرتے ہوئے پولیس نے انہیں ریالی منظم کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ اس مسئلہ پر کانگریس قائدین اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی اور کانگریس قائدین چیف منسٹر کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے بطور احتجاج سڑک پر بیٹھ کر احتجاجی دھرنا منظم کیا جس سے ٹریفک میں خلل پیدا ہوگیا ۔ پولیس نے نعرے بازی اور بحث و تکرار کے درمیان کانگریس قائدین کو گرفتار کر کے کنچن باغ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ڈی ناگیندر نے کہا کہ بند کو کامیاب بنانے کی اپیل کرنے کے لیے کانگریس قائدین پرامن طریقہ سے ریالی منظم کرنا چاہتے تھے تاہم پولیس نے ریالی کو ناکام بنانے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریالی کو روکنے میں پولیس کامیاب ہوگئی ۔ مگر بند کو روکنے میں پولیس اور سرکاری مشنری ہرگز کامیاب نہیں ہوگی کانگریس کے کارکن کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین و کارکن بند کو پوری طرح کامیاب بنائیں گے ۔ سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر ایم انجن کمار یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت صرف دیڑھ سال میں عوامی تائید سے محروم ہوگئی ہے ۔ چیف منسٹر اور دوسرے وزراء کی کارکردگی سے ریاست دیوالیہ کی طرف گامزن ہے کسان خود کشی کررہے ہیں حکومت کی جانب سے کسانوں کو کوئی بھروسہ نہیں دلایا جارہا ہے ۔ یکمشت قرضوں کی معافی کا مطالبہ کرنے پر حکومت نے اسمبلی سے تمام اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو معطل کردیا ہے جس کے خلاف بطور احتجاج 10 اکٹوبر کو تلنگانہ بند منظم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اور تاجرین سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے اپنے کاروبار کو بند رکھتے ہوئے بند کو کامیاب بنانے میں تعاون کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT