Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ تعطل کا شکار

چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ تعطل کا شکار

مقامی رکن اسمبلی سے مشاورت اور مقامی مسائل کی یکسوئی میں بھی رکاوٹ
حیدرآباد۔8 نومبر ( سیاست نیوز ) شہر کے مرکزی سیاحتی علاقہ چارمینار کی ترقی میں مقامی مسائل کے سبب رکاوٹ پیدا ہو رہی ہیں اور اس سلسلہ میں رکن اسمبلی سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں رکاوٹ کے متعلق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے واضح کیا ہے کہ پراجکٹ کے کاموں کی تکمیل کیلئے ٹھیکہ دار پوری طرح سے تیار ہیں لیکن رکن اسمبلی سے مشاورت اور مقامی مسائل کی یکسوئی کے لئے مسئلہ تعطل کا شکا ر بنا ہوا ہے۔ جی ایچ ایم سی جو کئی برسوں سے چارمینار کے اطراف و اکناف کے علاقہ کو بہترین سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دینے کیلئے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تعمیر میں مصروف ہے اس پراجکٹ کیلئے تاحال کروڑہا روپئے خرچ کئے جا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود پراجکٹ کے موقف میں کوئی تبدیلی کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب پراجکٹ کے سپرٹنڈنگ انجنئیرنے تحریری طور پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چارمینار سے لاڑبازار کی سڑک پر پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی تکمیل کے لئے کنٹراکٹر تیار ہے اور ان کے پاس فرش کیلئے استعمال ہونے والا پتھر بھی موجود ہے لیکن مقامی امور کی تکمیل کیلئے رکن اسمبلی سے مشاورت کا عمل جاری ہے جس کے مکمل ہوتے ہی کاموں کا آغاز کر دیاجائے گا۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے جاریہ سال کے اوائل میں اس بات کا اعلان کیاتھا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر لی جائیں گی لیکن ان کے اس اعلان کو 7ماہ گذر جانے کے باوجود پراجکٹ کے حصہ پر تعمیراتی کاموں کی تکمیل عمل میں آئی لیکن اس کے بعد دوبارہ کاموں کو روک دیا گیا ہے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ نے کئی حکومتوں کے دور گذر جانے کے بعد بھی پائے تکمیل کو نہیں پہنچ پایا ہے اور اب یہ کہا جانا کہ پراجکٹ کی تکمیل کیلئے رکن اسمبلی سے مشاورت کا عمل جاری ہے تو اس بات کا اندازہ لگایا جانا مشکل نہیں ہے کہ اس کام میں رکاوٹیں کس طرح سے پیدا کی جا رہی ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اعلی عہدیدار جب اس بات کو تحریری طور پر پیش کرنے لگیں کہ تعمیری و ترقیاتی کاموں کیلئے عوامی نمائندوں سے مشاورت کا عمل جاری ہے تو اس کیلئے کتنا وقت درکار ہوگا اور کیا مشاورت کی جارہی ہے یہ جاننا عوام کا حق ہے کیونکہ لاڑبازار کی سڑک کی خستہ حالی کو اس لئے دور نہیں کیا جا رہا ہے کہ اس سڑک پر فرش بچھائی جانی ہے لیکن پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت بچھائے جانی والی اس فرش کے کاموں کو یہ کہہ کر ٹالا جا رہا ہے کہ اس سلسلہ میں رکن اسمبلی سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT