Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کا تیقن

چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کا تیقن

اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران اکبراویسی کے سوال پر وزیربلدی نظم و نسق کا جواب
حیدرآباد۔26 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو نے چارمینار پیدل راہرو پراجیکٹ کی عاجلانہ تکمیل کا تیقن دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی کی نمائندگی پر کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت پراجیکٹ کی جلد تکمیل میں سنجیدہ ہے۔ مجلسی رکن نے پراجیکٹ کی تکمیل میں تاخیر سے عوامی مشکلات کا ذکر کیا اور کہا کہ گزشتہ 15 برسوں سے یہ پراجیکٹ مختلف مراحل میں التوا کا شکار ہے۔ ہر حکومت نے پراجیکٹ کی تکمیل کا وعدہ کیا لیکن آج تک وعدہ وفا نہ ہوسکا۔ حیدرآباد کی پہچان چارمینار اس پراجیکٹ کی عدم تکمیل کے باعث ٹریفک اور آلودگی سے کمزور ہورہا ہے۔ انہوں نے اس مسئلہ پر پرانے شہر کے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ چارمینار کے اطراف اور پتھر گٹی کے علاقہ کو استنبول میں تبدیل کرنے کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے وعدہ کیا تھا۔ امرتسر (پنجاب) میں اسی طرح کے پراجیکٹ کو 320 دن میں مکمل کیا گیا۔ اسی طرح کی دلچسپی پرانے شہر کے اس پراجیکٹ کے سلسلہ میں عہدیداروں کو ہونی چاہئے۔ پتھرگٹی کی کمانوں کو خوبصورت بنانے کے لئے کافی رقم خرچ کی گئی لیکن پراجیکٹ کی عدم تکمیل سے حالت جوں کی توں ہوچکی ہے۔ پتھرگٹی اور چارمینار کا علاقہ پرانے شہر کے معاشی زون کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت کو چاہئے کہ مقامی تاجروں کے کاروبار کو متاثر کئے بغیر پیدل راہرو پراجیکٹ کی تکمیل کرے۔

TOPPOPULARRECENT