Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / چارمینار کے اطراف آٹو رکشاؤں کے داخلے پر پابندی

چارمینار کے اطراف آٹو رکشاؤں کے داخلے پر پابندی

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تاریخی عمارت چارمینار اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس نے 15 اگست سے روزانہ صبح 8 بجے شام 7 بجے آٹو رکشاء کی آمد و رفت پر امتناع کی عمل آوری کا آغاز کردیا ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی نے کہا کہ آٹو رکشاؤں کو چارمینار کی سمت جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ان کا رخ کالی کمان اور مٹی کا شیر کی سمت موڑ دیا جائے گا ۔ کالی کمان سے چارمینار کی سمت آنے والے آٹو رکشاؤں کو مدینہ بلڈنگ یا مٹی کا شیر کی سمت موڑ دیا جائے گا ۔ ہمت پورہ سے آنے والے آٹو رکشاؤں کو چومحلہ پیالیس روڈ کی طرف روانہ کیا جائے گا ۔ اس طرح چومحلہ پیالیس سے آنے والے آٹو رکشاؤں کو پنچ محلہ کی طرف جانے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ موسیٰ باولی اور موتی گلی سے آنے والے آٹو رکشاؤں کو لاڈ بازار آنے نہیں دیا جائے گا بجائے اس کے ان کے رخ خلوت کی سمت موڑ دئیے جائیں گے ۔ عالیجاہ کوٹلہ سے براہ سردار محل ، چارمینار پہونچنے والے آٹوز مسجد حافظ ڈنکا یا کوٹلہ عالیجاہ کی سمت موڑ دئیے جائیں گے ۔ چارمینار پہونچنے سے قبل مختلف مقامات پر آٹوز سے اترنے کے مقامات کا تعین کرتے ہوئے وہاں سائن بورڈس نصب کئے گئے ہیں ۔ سٹی پولیس کمشنر نے تمام شہریوں اور آٹو ڈرائیورس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ضمن میں ٹریفک پولیس سے تعاون کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT