Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / چارمینار کے قریب سے ٹھیلہ بنڈیوں کی منتقلی ، پیدل راہرو پراجکٹ کے کام کے آغاز کی تیاریاں

چارمینار کے قریب سے ٹھیلہ بنڈیوں کی منتقلی ، پیدل راہرو پراجکٹ کے کام کے آغاز کی تیاریاں

گنیش وسرجن جلوس کے بعد پراجکٹ پر توجہ ، منتخبہ نمائندوں سے مشاورت ، جی ایچ ایم سی
حیدرآباد۔10اگسٹ (سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے اگلے مرحلہ کے آغاز کے لئے گنیش وسرجن جلوس کے فوری بعد چارمینار کے دامن میں ٹھہرنے والے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو منتقل کردیا جائے گا تاکہ سڑک کی کھدوائی اور فرش اندازی کے کاموں کو تیزی کے ساتھ انجام دیا جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم ترحید رآبادکے عہدیداروں نے بتایا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں چارمینار سے مکہ مسجد کی سڑک پر سڑک کی کھدوائی اور فرش اندازی کے کاموں کا آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ کے مطابق ان کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے لئے فوری طور پر ٹھیلہ بنڈی رانوں کو منتقل کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں منتخبہ عوامی نمائندوں سے مشاورت کرلی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ جزوقتی منتقلی سے قبل تمام ٹھیلہ بنڈی رانوں کی تفصیلات اکٹھا کی جائیں گی اور شفاء خانہ کے نیچے موجود ملگیات کے آگے بنائی گئی حد کے اندر تک ہی ٹھیلہ بنڈی رانوں کو کاروبار کی اجازت حاصل رہے گی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں کروڑہا روپئے خرچ کرنے کے بعد بھی اطراف و اکناف کے ماحول کو خوبصورت بنانے میں ٹھیلہ بنڈی رانوں کی موجودگی سے ہونے والی ناکامی پر ریاستی حکومت اور متعلقہ محکمہ جات میں ناراضگی پائی جاتی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ چارمینار کے دامن میں موجود ٹھیلہ بنڈیو ں کو سیاحوں کیلئے مرکز توجہ بنانے کے اقدامات پر غور کرنے کے علاوہ ان کی اس جگہ سے مستقل منتقلی کے متعلق بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل کے بعد علاقہ کی خوبصورتی متاثر نہ ہونے پائے۔ بتایاجاتا ہے کہ ماہ ستمبر کے وسط میں شروع کی جانے والی اس کاروائی کے دوران مکہ مسجد کے روبرو لگائی جانے والی ٹھیلہ بنڈیوں کو بھی ہٹانے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ان کی منتقلی کے بعد ہی چارمینار سے مکہ مسجد کی سڑک پر ترقیاتی و تعمیراتی کام انجام دیئے جا سکتے ہیں۔ بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں منتخبہ نمائندوں کے علاوہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کی تنظیموں کے ذمہ داروں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور بیشتر امور قطعیت پا چکے ہیں اور ان امور کی تکمیل کے فوری بعد عملی کاروائی شروع کردی جائے گی ۔ جی ایچ ایم سی نے اس بات کا تیقن دیا ہے کہ ان علاقوں میں تجارت کرنے والے چھوٹے تاجرین کو بے روز گار نہیں کیا جائے گا کیونکہ مرکزی حکومت کی ہاکرس پالیسی کو روبہ عمل لایا جا رہا ہے اور جی ایچ ایم سی میں ٹھیلہ بنڈی رانوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT