Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / چارمینار کے قریب ماڈل مارکٹ کی تعمیر

چارمینار کے قریب ماڈل مارکٹ کی تعمیر

اراضی کی نشاندہی کے لیے بلدی عہدیدار منصوبہ پر عمل آوری کے لیے سرگرم
حیدرآباد ۔29 ستمبر (سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے قریب بلدیہ نے ماڈل مارکٹ کی تعمیر کیلئے جگہ کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا ہے تاکہ پرانے شہر کے مرکزی علاقہ میں عصری سہولتوں سے آراستہ ماڈل مارکٹ کی تعمیر کو یقینی بنایا جاسکے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب بلدی عہدیداروں کے منصوبہ کے مطابق چارمینار کے قریب میں واقع سرکاری اراضیات کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا گیا ہے جہاں ماڈل مارکٹ کی تعمیر کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ مال اور بلدی عہدیداروں کے درمیان مراسلت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ محکمہ مال کے عہدیداروں نے اس علاقہ میں موجود بعض اراضیات کی نشاندہی بھی کی ہے جہاں ماڈل مارکٹ کی تعمیر ممکن ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب بلدی عہدیدار اس سلسلہ میں راست کمشنر کی جانب سے موصول ہونے والے احکامات پر ہی عمل آوری کررہے ہیں اور کسی بھی درمیانی فرد کو مداخلت کا موقع فراہم نہیں کیا جارہا ہے چونکہ درمیانی افراد مداخلت کے ساتھ سیاسی مداخلت شروع ہونے کے خدشات کے پیش نظر عہدیدار خاموشی میں ایسے مقامات کی نشاندہی کررہے ہیں اور ان مقامات کی تفصیل اکھٹا کرنے کے بعد اسے حکومت کو روانہ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہیکہ تجاویز کی حکومت کو روانگی کے بعد متعلقہ منتخبہ نمائندوں کو اس بات سے واقف کروادیا جائے گا کہ کس مقام پر ماڈل مارکٹ کی تعمیر کا منصوبہ قطعیت پا رہا ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ جی ایچ ایم سی حدود میں بلدیہ نے 50 ماڈل مارکٹ کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے حیدرآباد و سکندرآباد میں جملہ 150 ماڈل مارکٹس کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ شہر حیدرآباد بالخصوص تاریخی چارمینار کے قریب میں عصری سہولتوں و ٹیکنالوجی سے آراستہ ماڈل مارکٹ کی تعمیر کے متعلق سنجیدہ اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے اور اس بات کا خاص خیال رکھنے کیلئے کہا گیا ہیکہ مستقبل میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں کسی بھی طرح کی رکاوٹیں پیدا نہ ہوں اور ماڈل مارکٹ کے پراجکٹ کے سبب اس پراجکٹ میں کسی قسم کی تبدیلی واقع نہ ہونے پائے چونکہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ عرصہ دراز سے تعطل کا شکار بنا ہوا ہے اور حالیہ عرصہ میں چارمینار کے قریب بتدریج ٹریفک میں کمی کرتے ہوئے پیدل راہرو پراجکٹ کیلئے راہیں ہموار کی جانے لگی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT