Wednesday , August 16 2017
Home / شہر کی خبریں / چارمی نے خود کو ملزم کی طرح پیش کیا: اکون سبھروال

چارمی نے خود کو ملزم کی طرح پیش کیا: اکون سبھروال

صرف پوچھ تاچھ کیلئے طلبی ، کئی نئے ناموں کا انکشاف ہوگا، دہلی سے ڈوپ ٹسٹنگ مشین منگوانے کا فیصلہ
حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) اکسائز انفورسمنٹ کے ڈائرکٹر اکون سبھروال نے کہاکہ فلم اداکارہ چارمی نے ہائیکورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے خود کو ملزم کی طرح پیش کرلیا ہے۔ 26 جولائی کو چارمی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ منشیات کیس کی تحقیقات میں اہم رول ادا کرنے والے اکسائز انفورسمنٹ کے ڈائرکٹر اکون سبھروال اور کمشنر چندراودن نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ڈرگس کیس کی تحقیقات کرنے کا محکمہ اکسائز کو مکمل اختیار ہے۔ سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط کے دائرے میں رہ کر نوٹس دیتے ہوئے ایس آئی ٹی پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ فلم اداکارہ چارمی سے صرف ردعمل حاصل کرنے کے لئے طلب کیا گیا۔ محکمہ اکسائز کے عہدیداروں یا ایس آئی ٹی کی جانب سے چارمی کو ملزم قرار نہیں دیا گیا لیکن فلم اداکارہ نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے بالراست ملزم ہونے کا خود اعتراف کرلیا ہے۔ ایس آئی ٹی سے پوچھ تاچھ کیلئے رجوع ہونے والوں کو کبھی ملزم قرار نہیں دیا گیا۔ پوچھ تاچھ کیلئے رجوع ہونے والوں کی مکمل ویڈیو گرافی کی جارہی ہے۔ اکون سبھروال نے ایک اور چونکا دینے والا انکشاف کیاکہ جو بھی پوچھ تاچھ کیلئے ایس آئی سے رجوع ہورہے ہیں وہ لوگ الویرہ ڈرنک پی کر اپنا پیٹ صاف کرکے پہونچ رہے ہیں۔ تحقیقات میں نئے نئے نام منظر عام پر آرہے ہیں۔ بڑے اداکار اور ڈائرکٹرس کے نام سنے جارہے ہیں لیکن ثبوت کے بغیر انھیں نوٹس نہیں دی جاسکتی۔ اکسائز انفورسمنٹ کے ڈائرکٹر اکون سبھروال نے کہاکہ تحقیقات کو مزید آسان بنانے کے لئے نارکوٹیک کے ساتھ دہلی سے اتھلیٹک ڈوپ ٹسٹنگ مشین منگواتے ہوئے ٹسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جن سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے اس کی فوری حکومت کو رپورٹ پیش کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی انٹلی جنس نے بھی منشیات معاملت پر خصوصی نظر رکھی ہے۔ فلم انڈسٹری دو گروپس میں تقسیم ہوجانے کا دعویٰ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ شہر میں روزانہ 4 کیلو گانجہ ضبط کیا جارہا ہے۔
چارمی اور ممیت خان سے پوچھ تاچھ کیلئے خواتین ٹیم کی تشکیل
٭ منشیات کے معاملے میں ٹالی ووڈ کی اداکارہ چارمی اور ایٹم گرل ممیت خان سے پوچھ تاچھ کیلئے چار رکنی خاتون آفیسرس کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جن میں ایک اسسٹنٹ اکسائز سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ تین سرکل انسپکٹرس شامل رہیں گے۔ خاتون آفیسرس ایس آئی ٹی عہدیداروں کی قیادت میں چارمی اور ممیت خان سے پوچھ تاچھ کریں گے۔ منشیات کے معاملے میں فلم اداکارہ چارمی ہائیکورٹ سے رجوع ہوئی۔ عدالت نے زبردستی چارمی سے خون کے نمونے حاصل نہ کرنے کی ایس آئی ٹی کو ہدایت دی۔ صبح 10 تا شام 5 بجے پوچھ تاچھ کرنے اگر تحقیقات مکمل نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ چارمی کو طلب کرنے کی اجازت دی ہے۔ ہائیکورٹ کی ہدایت پر تحقیقاتی ٹیم میں خاتون آفیسرس کو شامل کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT