Wednesday , September 27 2017
Home / شہر کی خبریں / چار افراد بشمول نائجیریائی باشندہ گرفتار، کمشنر رچہ کنڈہ مہیش مرلی بھگوت کی پریس کانفرنس

چار افراد بشمول نائجیریائی باشندہ گرفتار، کمشنر رچہ کنڈہ مہیش مرلی بھگوت کی پریس کانفرنس

حیدرآباد 14 اگسٹ (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے منشیات کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور 4 افراد بشمول نائجیریائی باشندہ کو گرفتار کرلیا جو منشیات کی اسمگلنگ کے علاوہ عریاں رقص والی پارٹیاں بھی منعقد کرتے تھے۔ پولیس رچہ کنڈہ اس کارروائی کو منشیات کے خلاف جاری کوششوں میں اہم کارروائی تصور کرتی ہے۔ چونکہ ان گرفتاریوں سے فلم انڈسٹری اور شہر کے دولت مند افراد مرد و خواتین کا بڑے پیمانے پر پردہ فاش ہوسکتا ہے جو ان منشیات اسمگلرس سے رابطہ میں ہیں۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بتائی اور گرفتار افراد کو میڈیا کے روبرو پیش کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس ٹولی کے مزید افراد مفرور ہیں جنھیں بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ 26 سالہ گیبرئیل ساکن گرین ووڈ ریسیڈنسی یاپرال، 23 سالہ این نونیت ساکن جمی کنٹہ ، ای سی آئی ایل 28 سالہ وینکٹ پانڈے ساکن عطاپور راجندر نگر، 24 سالہ بی جی کمار ریڈی ساکن ملیشین ٹاؤن شپ کو گرفتار کرلیا جبکہ مادھاپور کا ساکن کرشنا مفرور بتایا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ گبرئیل جون 2014 ء میں اسٹوڈنٹ ویزا پر حیدرآباد آیا اور اس نے نظام کالج میں داخلہ لیا تھا اور منی گلشن کالونی ٹولی چوکی میں مقیم تھا۔ جاریہ سال مارچ میں سکندرآباد کے علاقہ سے پولیس ماریڈ پلی نے اسے گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا تھا جو اپریل 2017 ء میں ضمانت پر رہا ہوا اور اس نے ٹولی چوکی کا علاقہ چھوڑ کر گرین ووڈ ریسیڈنسی یاپرال میں اپنی محبوبہ کے ہمراہ رہنے لگا تھا۔ اس نے اپنے ہم وطن ساتھیوں کاسمس اور جان ہیری سے رابطہ قائم کیا تھا جو گوا ، ممبئی اور پونے سے اسے ڈرگ سپلائی کرتے تھے جو حیدرآباد میں گاہکوں کو سپلائی کرتا تھا۔ انکت پانڈے جب اس رابطہ میں آیا تو انکت نے بھی گراہک کے ساتھ ساتھ دوسروں کو فروخت کرنا شروع کردیا اور یہ ٹولی گووا میں ریو پارٹیاں، عریاں رقص والی پارٹیاں بھی منعقد کرتے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے منشیات میں ڈرگس کے علاوہ مختلف اقسام کی گولیاں اور حشیش بھی ضبط کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گاہکوں سے واٹس اپ پر آرڈر لینے کے بعد سپلائی کیا جاتا اور رقم پے ٹی ایم کے ذریعہ حاصل کی جاتی تھی۔ منشیات کے خلاف جاری کارروائی میں بہت سارے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ گرفتار مقامی افراد میں ایک شخص کے قبضہ سے پولیس نے دولت مند افراد اور فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کے رابطہ بھی حاصل کئے جو شہر کے پاش علاقوں میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھے اور اکثر جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز علاقوں میں واقع پبس میں گاہکوں کو ڈرگ فروخت کرتا تھا۔ رچہ کنڈہ پولیس ان گرفتاریوں کے بعد مزید تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

TOPPOPULARRECENT