Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / چار مینار پر 19 اکتوبر کو سدبھاؤنا یاترا

چار مینار پر 19 اکتوبر کو سدبھاؤنا یاترا

ڈگ وجے سنگھ مہمان خصوصی، غلام نبی آزاد کو ایوارڈ پیش کیا جائے گا
حیدرآباد /13 اکتوبر (سیاست نیوز) راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا کمیٹی جاریہ سال اپنی سلور جوبلی تقریب منا رہی ہے۔ اس ضمن میں 19 اکتوبر کو تاریخی چار مینار کے دامن میں منعقد شدنی تقریب میں سابق مرکزی وزیر و کانگریس قائد مقننہ راجیہ سبھا غلام نبی آزاد کو سدبھاؤنا ایوارڈ پیش کیا جائے گا، جب کہ اے سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجے سنگھ مہمان خصوصی ہوں گے۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدبھاؤنا کمیٹی کے صدر جی نرنجن، جنرل سکریٹریز سید یوسف ہاشمی، جی کے آنند اور شیام راؤ نے یہ بات بتائی۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے 25 سال قبل آنجہانی راجیو گاندھی نے تاریخی چار مینار سے سدبھاؤنا یاترا کا آغاز کیا تھا، جو چنائی پہنچنے کے بعد حادثہ کا شکار ہو گئی، جس میں ملک راجیو گاندھی جیسے اہم قائد سے محروم ہو گیا۔ اس وقت سے ہر سال راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا کمیٹی کی جانب سے چار مینار پر 19 اکتوبر کو تقریب کا اہتمام کرتے ہوئے امن و امان کے قیام کا عہد کیا جاتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جاریہ سال سدبھاؤنا یاترا کمیٹی کے 25 سال مکمل ہو رہے ہیں، لہذا کمیٹی نے سلور جوبلی تقریب کے اہتمام اور قومی قائد غلام نبی آزاد کو سدبھاؤنا ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تقریب میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک، قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی، قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر، اے آئی سی سی سکریٹریز آر سی کنٹیا، وی ہنمنت راؤ، ڈاکٹر جی چناریڈی، سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا، ارکان پارلیمنٹ ایم اے خان، آر آنند بھاسکر، نندی ایلیا، جی سکھیندر ریڈی اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT