چاند نظر آگیا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

   

حیدرآباد۔ 2 فروری (پریس نوٹ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ رجب المرجب 1443ھ زیرنگرانی مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری، معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام خانقاہ کامل مرکزی آستانہ شطاریہ دبیرپورہ میں منعقد ہوا۔ شہر میں چاند نظر آگیا۔ اس کے علاوہ گلبرگہ شریف، ورنگل، رحمت آباد، لکھنؤ، کانپور، بنگلورو، ناندیڑ، اورنگ آباد، ممبئی، اودگیر مہاراشٹرا، سورت گجرات، بھبنیشور اڈیشہ اور جھارکھنڈ کے مختلف مقامات سے عام رویت کی اطلاعات موصول ہوئی۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 03 فروری 2022 بروز جمعرات یکم رجب المرجب 1443ھ ہوگی۔ اس اجلاس میں مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری، مولانا مفتی خلیل احمد، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ، مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ، مولانا سید شیخن احمد شطاری کامل پاشاہ، مفتی سید صغیر احمد، مولانا ڈاکٹر سید علی حسینی قادری علی پاشاہ، مولانا مشہود احمد (جامعہ نظامیہ) اور جناب قاضی سید نور اللہ فاروق عارفی نے شرکت کی۔
شیعہ علماء کا بیان
حیدرآباد۔ 2 فروری (پریس نوٹ) سید علی اصغر جعفری صاحب کی اطلاع کے مطابق کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے یہ اطلاع دی ہے کہ شہر حیدرآباد میں چاند نظر آگیا ہے۔ لہذا 3 فروری 2022 ء یکم رجب المرجب 1443ھ؁ ہوگی۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علماء کرام نے کی ہے۔ مولانا سید بیٰ حسن زیدی، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا، مولانا رضا عباس حاں، مولانا سید جواد عابدی، مولانا سید محب عابد اور مولانا سید محمد علی۔