چاند نظر نہیں آیا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

   

حیدرآباد۔/25مارچ، ( پریس نوٹ ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ شعبان المعظم 1441 ھ زیر نگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام بمقام خانقاہ کامل دبیر پورہ میں منعقد ہوا۔ شہر میں چاند نظر نہیں آیا۔ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف کے علاوہ ملک کے بعض حصوں میں مطلع صاف اور بعض حصوں میں ابر آلود ہونے کی اطلاعات کے ساتھ عدم رویت کی بھی اطلاعات ملیں۔ لہذا تحت احکام شریعہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 26 مارچ جمعرات 30رجب المرجب 1441ھ ہوگی۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری، حضرت مولانا مفتی محمد عظیم الدین ، حضرت مولانا مفتی خلیل احمد اور حضرت مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے معزز اراکین بھی اس اجلاس میں معتمد کے رابطے میں رہے۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی مجلس نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔

چاند نظر نہیں آیا
٭٭ جناب سید علی اصغر جعفری کی اطلاع کے مطابق کُل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کیا ہے کہ شہر حیدرآبادمیں چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کہیں سے رویت کی تصدیق ہوسکی۔ لہذا 26 مارچ پنجشنبہ 2020ء کو 30 رجب المرجب 1441ھ ہوگی اور 27 مارچ 2020 جمعہ کو یکم شعبان المعظم 1441 ھ ہوگی۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علماء کرام نے کی ہے: مولانا سید نبی حسین زیدی، مولانا ڈاکٹر سید شاہد حسین حیدر آقا، مولانا رضا عباس خان، مولانا سید جواد عابدی، مولانا محمد علی اور مولانا سید محب عابد۔