Thursday , September 21 2017
Home / جرائم و حادثات / چتور کی میئر کا ڈرامائی انداز میں بہیمانہ قتل، شوہر شدید زخمی

چتور کی میئر کا ڈرامائی انداز میں بہیمانہ قتل، شوہر شدید زخمی

نامعلوم افراد نے چیمبر میں گھس کر انورادھا کو چاقو گھونپ دیا، موہن کی حالت تشویشناک

چتور ۔ 17 ۔ نومبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چتور میونسپل کارپوریشن کی میئر کٹاری انورادھا کو چند نامعلوم حملہ آوروں نے آج چاقو گھونپ کر ہلاک اور ان کے شوہر کٹاری موہن کو شدید زخمی کردیا۔ پولیس نے شبہ ظہر کیا کہ خاندانی جھگڑے اس واقعہ کا سبب ہوسکتے ہیں۔ ڈی آئی جی (اننت پور رینج) کے ستیہ نارائنا نے پی ٹی آئی سے کہا کہ یہ واقعہ چتور میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں پیش آیا جس میں پانچ نامعلوم افراد جو اپنے چہروں کو نقاب کے ذریعہ چھپائے ہوئے تھے، میئر کٹاری انورادھا کے چیمبرس میں گھس کر انہیں چاقو گھونپ دیا جس کے نتیجہ میں ان کی موت ہوگئی ۔ چتور میئر 50 سالہ انورادھا کا تعلق حکمراں تلگو دیشم پا رٹی سے تھا ۔ حملہ آوروں  نے مقام واردات سے فرار ہونے سے قبل انورادھا کے چیمبرس سے متصلہ کمرہ میں مو جود ان کے شوہر اور سینئر تلگو دیشم لیڈر موہن پر فائرنگ کی ، بعد ازاں چاقو سے حملہ کا نشانہ بنایا۔ ایڈیشنل ڈی جی پی (امن و قانون) نے یہ تفصیلات بتاتے ہوئے ایک سوال پر واضح جواب دیا کہ میئر انورادھا کو چاقو گھونپ کر ہلاک کیا گیا ۔ ستیہ نارائنا نے کہا کہ موہن کو علاج کیلئے ویلور کے کرسچن میڈیکل کالج ہاسپٹل پہونچایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ابتدائی معلومات کے مطابق خاندانی تنازعہ کے بعد یہ حملہ کیا گیا ۔ واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور حقائق کا بہت جلد انکشاف ہوجائے گا۔ حملہ آوروں کا تعلق کرناٹک سے ہے جنہیں پکڑنے کیلئے تلاش شروع کردی گئی ہے‘‘۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ مقام واردات سے ایک پستول اور ایک خنجر دستیاب ہوا ہے۔

TOPPOPULARRECENT